ابھا (این این آئی)سعوی عرب کے علاقے عسیر کے گورنر شہزادہ فیصل بن خالد بن عبدالعزیز آل سعود نے علاقائی افتاءکونسل کے رکن الشیخ سعد الحجری کو خواتین کے بارے میں ایک متنازع بیان دینے کے بعد امامت، خطابت اور تمام دیگر دعوتی سرگرمیوں سے روک دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق عسیر کے علاقے کے سرکردہ عالم دین الشیخ الحجری نے ایک بیان میں کہا کہ خواتین کے پاس مردوں کی نسبت ’ایک چوتھائی عقل’ ہوتی ہے۔ ان کے اس بیان پر عوامی حلقوں میں شدید رد عمل سامنے آیا تھا۔عسیر گورنری کے شعبہ اطلاعات و نشریات کے جنرل سپروائزر اور سرکاری ترجمان سعد بن عبداللہ آل ثابت نے ایک پریس بیان میں بتایا کہ شہزادہ فیصل بن خالد نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ الشیخ سعد الحجری کو مساجد میں امامت، خطابت اور دیگر تمام دعوتی ودینی سرگرمیوں سے روک دیں۔ الشیخ سعد الحجری نے خواتین کی ڈرائیونگ کے نقصان پر ایک طویل لیکچر دیا جس میں انہوں نے خواتین کی گاڑی چلانے کے بیس نقصانات بیان کئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے پاس ایک چوتھائی عقل ہوتی ہے۔ ان کے اس متنازع بیان پر سوشل میڈیا پر تند وتیز بحث چھڑ گئی تھی اوربہت سے لوگوں نے ان کے خواتین بارے ریمارکس کو نا مناسب قرار دیا ہے۔
خواتین کے پاس مردوں کے مقابلہ میں ایک چوتھائی عقل ہوتی ہے،سعودی عالم
Sep 23, 2017