غزہ / ہیگ(اے این این)انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیموں نے ہیگ میں قائم عالمی عدالت انصاف میں ایک نئی پٹیشن دائر کی ہے جس میں فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے خلاف ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا معاملہ اٹھایا گیا ہے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق انسانی حقوق کی چار تنظیموں فلسطین ہیومن رائٹس سینٹر، المیزان انسانی حقوق سینٹر،الحق فاﺅنڈیشن اور ضمیر برائے انسانی نے مشترکہ طور پرہیگ میں ایک پٹیشن دائر کی ہے جس میں بتایا گیا اسرائیلی فوج مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس انسانی حقوق کی پامالیوں کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔ تقریباً 700 صفحات پرمحیط پٹیشن میں فلسطین میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے ٹھوس شواہد پیش کئے گئے ہیں۔انسانی حقوق کے مندوبین نے ہیگ میں عدالت میں پٹیشن دائر کرنے کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا اسرائیل گزشتہ 50 سال سے غرب اردن اور بیت المقدس میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیلی فوج طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہی ہے۔