کلدیپ یادو ون ڈے میں ہیٹرک کرنیوالے پہلے انڈین سپنر بن گئے

کولکتہ (سپورٹس ڈےسک )آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں انڈین لیف آرم سپنر کلدیپ یادو نے جب لگاتار تین گیندوں پر میتھیو ویڈ ایشٹن ایگر اور پیٹ کمنز کو آو¿ٹ کیا تو وہ ون ڈے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے تیسرے انڈین بولر بن گئے۔کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں کلدیپ نے یہ کارنامہ آسٹریلوی اننگز کے 33ویں اوور میں سرانجام دیا اور وہ پہلے انڈین سپنر ہیں جنھوں نے ایک روزہ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کی ہے۔ان سے 26 سال قبل آخری مرتبہ کپل دیو نے انڈیا کے لیے ون ڈے میچ میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔کرکٹ کی تاریخ میں انڈیا کی جانب سے چار بولر کلدیپ سے قبل ہیٹ ٹرک کر چکے ہیں جن میں سے کپل دیو اور چیتن شرما نے ایک روزہ کرکٹ میچ میں جبکہ ہربھجن سنگھ اور عرفان پٹھان نے ٹیسٹ میچ میں یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔چیتن شرما انڈیا کے لیے کسی بھی قسم کی انٹرنیشنل کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے بولر تھے۔انھوں نے یہ کارنامہ 1987 کے ورلڈ کپ مقابلوں میں نیوزی لینڈ کے خلاف سرانجام دیا تھا۔کپل دیو انڈیا کے لیے ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے بولر تھے جنھوں نے یہ ہیٹ ٹرک 1990-91 کے ایشیا کپ کے فائنل میں کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں بنائی تھی۔ٹیسٹ کرکٹ میں انڈیا کے لیے پہلی اور مجموعی طور پر تیسری ہیٹ ٹرک سپنر ہربھجن سنگھ کے حصے میں آئی اور مقام اس مرتبہ بھی کولکتہ کا ایڈن گارڈنز ہی تھا۔ہربھجن نے اس کارنامے کے دوران پہلے آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ اور ایڈم گلکرسٹ کو لگاتار دو گیندوں پر ایل بی ڈبلیو کیا اور تیسری گیند پر شین وارن فارورڈ شارٹ لیگ پر کھڑے سدگوپن رمیش کو کیچ دے بیٹھے۔ہربھجن نے اس میچ میں کل 13 وکٹیں لیں اور انڈیا یہ میچ جیت گیا۔انڈیا کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں دوسری اور مجموعی طور پر چوتھی ہیٹ ٹرک کی خاص بات یہ تھی کہ یہ ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی اوور میں بنی۔یہ 2006 کا سال اور کراچی کا مقام تھا۔ انڈیا کے باولر عرفان پٹھان تھے ۔

ای پیپر دی نیشن