چنیوٹ/ چناب نگر (رپورٹ: نوائے وقت پینل/ شہزادہ محمد اکبر/ احسن رضوان عثمانی) مرکز ختم نبوت جامعہ عثمانیہ ختم نبوت مسلم کالونی چناب نگر کے زیراہتمام جامع مسجد شدائے ختم نبوت میں 16 ویں سالانہ شہادت کا نفرنس گذشتہ روز عصر کے وقت اختتام پذیر ہو گئی جس میں علاقہ بھر سے کثیر تعداد اور علماء کرام نے شرکت کی،کانفرنس کی صدارت مولانا شبیر احمد عثمانی، نگرانی مولانا قاری محمد سلمان عثمانی جبکہ نقابت مولانا احسن رضوان نے کی،کانفرنس کا باقاعدہ آغازصبح 11 بجے مولانا قاری احسن رضوان عثمانی کی تلاوت و نعت سے شروع ہوا ،کا نفرنس کی پہلی نشست سے علماء کرام نے خطابات کئے،دوسری و اختتامی نشست سے مولانا قاری شبیر احمد عثمانی، مولانا قاری محمد سلمان عثمانی،مولانا احسن رضوان، محمد حنیف مغل دیگر جید علماء کرام نے تفصیلی خطابات کئے۔ سالانہ شہادت کا نفرنس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا قانون ناموس رسالت ؐ ختم کرنے کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،حکومت ایسے سازشی عناصر سے باخبر رہے ،حکومت میں قادیانیوں کا بڑھتا اثررسوخ ملکی سلامتی کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، قادیانیت کا اسرائیل و بھارت کیساتھ سیاسی گٹھ جوڑ پاکستان اور ملت اسلامیہ کیخلاف بہت بڑی سازش ہے، پاکستان میں دہشت گردی قتل و غارت گری کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،وطن کی سلا متی و بقاء کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں وطن دشمنوں کیلئے ارض پاک کو تنگ کر دینگے پاکستان کی سلامتی پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے۔ پاکستان کی مذہبی قوتیں دینی جماعتیں پاکستان کی محبت کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتی ہیں، عقیدہ ختم نبوت اسلام کی روح ہے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کر یں گے، سالانہ شہا دت کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے نائب امیر مولانا قاری شبیر احمد عثمانی نے کہا عقیدہ ختم نبوت اس کی عظیم عمارت جس بنیاد پر قائم ہے آئین پاکستا ن میںقادیانیت کے بارے میں دفعات کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، باطل نظریات کے حامل حکمرانوں اورطاغوتی قوتوں کے سامنے ڈٹ جاناحضرت سیدنا امام حسین ؓکی سنت ہے آپؓنے اپنی اور خاندان نبوت ؐ اورجانثاروں کی قربانی دے کر ایک ایسی تاریخ رقم کی جو رہتی دنیاتک کے مسلمانوں کے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مولانا قاری محمد سلمان عثمانی نے کہا اسلام ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے بلکہ خود ابتداء سے لے کر آج تک دہشت گردی کا شکار چلا آرہا ہے یہودوہنود آج بھی بے گناہ مسلمانوں پر ظلم وستم کرکے اپنی سابقہ روایات پر عمل پیراہیںابھی تک عالم کفر کی انتقام کی آگ نہیں بجھی وہ مسلسل بے گناہ مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹ رہا ہے۔ مسلم امہ کو متحد ہوکر طاغوتی وسامراجی شیطانی قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے حضرت سیدنا امام حسینؓکی سنت پر عمل کرنا چاہئے۔ مولانا قاری احسن رضوان عثمانی نے کہا حکومت قادیانیوں کے ساتھ نرمی والا برتائو نہ کرے اور سختی سے آئین پر عمل در آمد کرائے پو ری امت کو باہمی نفرتوں ،تفرقوں تعصبات کو ترک کر کے متحد ہو نا چاہئے۔نامو س رسا لت ؐ کی پاسبانی ایمان کی بنیاد ہے جس پر کسی قسم کی سودے بازی کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔ انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کے صوبائی مالیات محمد حنیف مغل نے کہا آج امت اپنی تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہی ہے آج وقت کے طاغوت نے امہ پرتہذیبی و فکری یلغار کے ساتھ ننگی جارحیت کو مسلط کر رکھا ہے۔ اسلام رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گا۔ اس موقع پر درج ذیل قراردادیں منظور کی گئیں۔ ٭یہ اجتماع ملک میں امن وا مان قائم کر نے کی خاطر اور دہشت گردوں کے خلاف جا ری آپریشن رد الفساد کی مکمل حمایت کرتے ہو ئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلا تا ہے اور ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے فوج،پولیس وفورسزکے جوانوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہے۔ ٭ یہ اجتماع ملک بھر میں قادیانیوں کی بڑھتی ہوئی اسلام دشمن سرگرمیوں پر سخت تشویش و اضطراب کا اظہار کرتا ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے قادیانیوں کو آئین پاکستان کا پابندکیا جائے۔ ٭یہ اجتماع حکومت سے مطالبہ کرتا ہے تعلیمی نصاب میں عقیدہ ختم نبوت کے متعلق مضامین اور اسباق شامل کئے جائیں، قادیانی اوقاف کو بھی حکومتی تحویل میں لیا جائے۔ اسلامی شرعی نظام نافذ کیا جائے اور سودی نظا م کا خاتمہ کیا جائے۔ مرتد کی شرعی سزا نافذ کی جائے ۔ ٭یہ اجتماع ہالینڈ کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے مقابلہ کے منسوخی کے بعد کتاب کی اشاعت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور مسلم ممالک کے حکمرانوں سے اپیل کر تا ہے کہ وہ ہالینڈ کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کریں۔ ٭یہ اجتماع مقتدر قوتوں سے مطالبہ کر تا ہے کہ بد عنوان ،کرپٹ افراد کا بلا تفریق احتساب کیا جائے۔ ٭کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ میں مذہب کے خانہ کا اضافہ کیا جائے۔
شہادت کانفرنس