ایشیا کپ سپر فور مرحلہ : پاکستان آج بھارت سے شکست کا بدلہ چکانے کیلئے تیار‘ بنگلہ دیش افغانستان بھی مقابل ہونگے

لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان کے پاس ایشیا کپ کے راﺅنڈ میچ میں بھارت سے شکست کا بدلہ لینے کا موقع آگیا ہے۔ذرائع کے مطابق گرین شرٹس نے افغانستان سے میچ کے بعد جیت کےلئے حکمت عملی بدلنے کا ارادہ کرلیا ہے ،جس کے بعد شائقین کرکٹ کو آج کے میچ میں سرپرائز مل سکتا ہے۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے دبئی میں شروع ہوگا۔بھارت کےخلاف میچ میں کون کھیلے گا ،کسے باہر رکھنا ہے سرفراز احمد کےلئے فیصلے کا وقت آگیا ہے ،قومی ٹیم کے کپتان کھلاڑیوں کی ناقص فیلڈنگ سے بھی پریشان ہیں ،جنہوں نے گزشتہ میچ میں کئی آسان کیچ ڈراپ کئے۔ملک بھر میں کرکٹ کاجنون اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے،سپر فور مرحلے میں آج دبئی میں پاکستان اور بھارت کا ایک بار پھر آمنا سامنا ہوگا۔پاکستانی شائقین قومی ٹیم سے اچھی پرفارمنس کےلئے پرامید ہیں اور ان میں ایونٹ میں پہلی شکست کا بدلہ چکانے کی خواہش ہے ،دوسری طرف سرفراز الیون بھی حریف پر جھپٹنے کےلئے تیار ہے۔بھارت سے شکست کا بدلہ چکانے کےلئے فخرزمان کو پرفارم کرنا اورشعیب ملک ، حسن علی ، امام الحق اور بابراعظم کو بھی پورا زور لگانا ہوگا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت کے ساتھ سپر فور مرحلے کے اس اہم میچ کےلئے اپنی فیلڈنگ بہتر بنانا ہوگی ،میچ میں فتح کی صورت سرفراز الیون کے لئے فائنل کا راستہ آسان ہوجائےگااور ہارنے والی ٹیم کےلئے راستے کی رکاوٹیں بڑھ جائیں گی۔بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں ابو ظہبی میں مد مقابل ہونگی ‘یہ میچ بھی پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے میں ایک ایک شکست کھا چکی ہیں۔ آج ہارنے والی ٹیم فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی ۔

ای پیپر دی نیشن