لاہور(نمائندہ سپورٹس )دبئی میں پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈ حکام کی ملاقات ہوئی ہے جس میں پاک بھارت سیریز کے حوالے سے معاملات زیر بحث آئے۔ایشیا کپ کے موقع پر دبئی میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان کی جانب سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور سبحان احمد جبکہ بھارتی حکام میں امیتابھ چوہدری اور راہول جوہری شامل تھے۔ ملاقات میں پاکستان‘ بھارت سیریز پر آئی سی سی میں کیس بھی زیر بحث آیا جبکہ ایشین کرکٹ کونسل کا اگلا اجلاس نومبر میں لاہور میں ہونے کا امکان ہے۔بعدازاں چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان اوربھارت دو طرفہ سیریز کھیلیں، دونوں ممالک کے درمیان بورڈ کی سطح پرکوئی اختلاف نہیں تاہم سیاسی سطح پردونوں ممالک کوقریب آنےکی ضرورت ہے۔ پاکستان اور بھارت مختلف ٹورنامنٹس میں مدمقابل ہوتے ہیں، چیمپینز ٹرافی اور ایشیا کپ میں بھی دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں ، لیکن خواہش ہے کہ دو طرفہ سیریز بھی ہونی چاہیے۔