کراچی(این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کرہ ارض پر مکمل امن انسانی خوشحالی کا واحد راستہ ہے، تشدد اور دہشت گردی عالمی امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں۔عالمی یوم امن پر پیغام دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ دنیا کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے ناانصافی، ظلم، عدم مساوات اور غریبوں کے استحصال کے خلاف لڑنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے بڑے مقصد کی خاطر ہمیں پسے ہوئے طبقات کی آواز بننا ہو گا۔بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ عالمی برادری ترقی پذیر معاشروں میں جمہوریت کی نشوو نما میں مدد دے۔ جمہوریت، مساوات، اور شفافیت کو تقویت دے کر ہی تنازعات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر انسانی حقوق کا تحفظ ہر معاشرہ کی ذمہ داری ہے، پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے۔