لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس محمدطاہر نے عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں سیکیورٹی کے بہترین فرائض سر انجام دینے پر پولیس افسران اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے سنگین خطرات کے باوجود پنجاب پولیس کے جوانوں نے مجالس اور جلوسوںکیلئے فول پروف سیکیورٹی مہیا کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پنجاب پولیس بلاشبہ دنیا کی بہترین پولیس فورسز میں سے ایک ہے جو ہر طرح کے حالات اور بڑے سے بڑے چیلنج سے نبرد آزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ جس طرح محرم الحرام اور بالخصوص یوم عاشورپر سکیورٹی ڈیوٹی پر متعین افسران و جوانوں نے بھرپور محنت، ایمانداری ،لگن اور خلوص نیت سے فرائض سر انجام دئیے مستقبل میں بھی وہ اسی جذبے سے فرائض ادا کرتے رہیں گے اور صوبے میں امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔ محمد طاہر نے مزید کہا کہ عوام کی جان ومال کے دشمن پیشہ ورمجرمان بالخصوص اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے جاری کریک ڈائون میں مزید تیزی لائی جائے اور قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ فرائض منصبی کی ادائیگی میں کسی قربانی سے بھی دریغ نہ کیا جائے ۔