کراچی (وقائع نگار) سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے عاشورہ محرم کے موقع پر امن قائم رکھنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاون کو سراہا اور پولیس‘ رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے یوم عاشورہ پر ماتمی جلوسوں کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خود بھی روٹس کا دورہ کیا سب سے پہلے کراچی میں ماتمی جلوس کا دورہ کیا، صوبائی مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ نے ایم اے جناح روڈ پر ماتمی جلوس میں شرکت کی اور جلوس کے منتظمین سے ملاقاتیں بھی کرتے رہے۔ وزیراعلیٰ نے ایم اے جناح روڈ سے ایمپریس مارکیٹ تک جلوس کی قیادت کی‘ بوہری کمیونٹی کی ایمبولینس سروس کا بھی معائنہ کیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ سکھر روانہ ہوئے وہاں انہوں نے روہڑی ضلع سکھر کے ماتمی جلوس کا فضائی معائنہ کیا ناصر شاہ اور مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ نے روہڑی‘ شکارپور‘ خیرپور‘ کوٹ ڈیجی اور لاڑکانہ کے ماتمی جلوسوں اور جاری مجالس کا بھی فضائی جائزہ لیا۔ سکھر ایئر پورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ وفاقی حکومت چیزیں بیچنے کے بجائے اب اصل گورننس کی طرف آ جائے‘ منی بجٹ دے کر ٹیکس بڑھا دئیے گئے ہیں۔ اس مہینے کے آخر تک سندھ کابینہ میں توسیع کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا پانی کے مسائل انتہائی سنگین ہیں اور ڈیم بننے سے پہلے اس بات کا تجزیہ ہونا چاہئے سسٹم میں پانی موجود بھی ہے یا نہیں، سسٹم میں پانی موجود نہیں تو ڈیم بنانے کا فائدہ۔ انہوں نے کہاکہ غیر ملکی تارکین وطن کو پاکستانی شہریت نہیں دینی چاہئے۔