کراچی(نوائے وقت نیوز)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا ’’مذہب کارڈ‘‘ کوجوازبنانا محض ’’بہانہ‘‘ دراصل کچھ طاقتوں کی خوشنودی ’’ نشانہ ‘‘ ہے،آزادی مارچ میں صرف مشترکہ یک نکاتی ایجنڈا منصفانہ نئے انتخابات کا مطالبہ ہی ہوگا، مذہب کارڈ کے استعمال کا جواز بنا کربہانے نہ بنائے جائیں،جگہ ’’گرم ‘‘ہو یا’’ نرم‘‘ ہماری جدوجہد جاری رہے گی، شیخ رشید ہی گرم جگہ سے بچنے کے لیے اپنی وفاداریاں بدلتے ہیںوہ کبھی نواز شریف کے قدموں تو کبھی پرویز مشرف کے بوٹوں میں نظر آئے،شیخ رشید شیخ چلی نہ بنیں وہ گرم جگہ تو کیا بلکہ ٹھنڈی جگہ پر بھی ’’فارغ‘‘ ہوجاتے ہیں،بانی پاکستان نے تحریک آزادی کے لیے کیا مذہبی کارڈ کا استعمال نہیں کیا تھا کیا آئین کی روح کے مطابق عمل کا مطالبہ غیر آئینی ہے۔ وہ اتوار کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں وائس آف امریکہ کے نمائندے محترمہ گیتی آرا اورموقر روزنامے کے نمائندہ خالد صدیقی سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے امریکہ یاترا سے قبل امریکہ کی خوشنودی کے لیے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی مدد اور تعاون کے لیے جانے والوں کو ’’ظالم‘‘ کہا جس کو امریکہ نے سراہا کیوں کہ کشمیر میں ظلم کرنے والے بھارت کے تکون میں امریکہ اور اسرائیل شامل ہیں۔