لاہور(نیوزرپورٹر )صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے جنرل اسمبلی میں خطاب سے قبل ہی بھارت میں ہلچل مچی ہوئی ہے ،وزیر اعظم عمران خان کی امریکہ میں عالمی رہنمائوں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی جس میں انہیں نہتے کشمیریوں پر بھارتی بربریت سے آگاہ کیا جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں ملک نعمان لنگڑیا ل نے کہا کہ نریندر مودی کا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کوختم کر نے کا اقدام کشمیریوں کی تحریک آزادی کو مزید تقویت دینے کا سبب بنا ہے اورکشمیر میں شمع آزادی بجھنے نہیں پائے گی۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیرکی آزادی کی جنگ ہر محاذ پرجرات، بہادری اور مدلل انداز سے لڑ رہے ہیںاور ان کا جنرل اسمبلی میں خطاب تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا جسے پوری دنیا سنے گی۔انہوںنے کہا کہ بھارت کی لاکھوں کی تعداد میں تعینات افواج کشمیریوں کے حوصلے اور عزم کو پست نہیںکر سکی اور کشمیریوں کے اندر پکنے والا لاوا بھارت کے تمام منصوبوں اور حربوںکو اپنے ساتھ بہا لے جائے گا۔ملک نعمان احمدلنگڑیال نے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل اپنے کشمیریوں بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور انہیں مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے اوران کی سفارتی ، اخلاقی او ر سیاسی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے جنرل اسمبلی سے خطاب سے قبل ہی بھارت میں ہلچل مچی ہوئی ہے اور بھارت کو کشمیر کے مسئلے پر سوائے پسپائی کے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
وزیر اعظم کے جنرل اسمبلی میں خطاب سے قبل ہی بھارت میں ہلچل مچی ہے:نعمان لنگڑیال
Sep 23, 2019