لاڑکانہ (آ ئی این پی) نمرتا قتل کیس میں گرفتار طالب علم نے نمرتا سے دوستی کا اعتراف کرتے ہوئے بیان دیا ہے کہ ہم دونوں ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے تاہم میں اس سے شادی کے لئے تیار نہ تھا، پولیس ذرائع کے مطابق مہران ابڑو نے پولیس کو اپنا بیان چھ روز پہلے ریکارڈ کرایا تھا، پولیس کو دئیے گئے بیان میں مہران ابڑو کا کہنا تھا کہ ہم دونوں ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے تاہم، میں اس سے شادی کے لئے تیار نہ تھا، ہماری محبت اور قریبی تعلقات کا علم نمرتا کے گھر والوں کو بھی تھا۔ دوسری جانب مقتولہ کے بھائی نے مقدمہ درج کرانے سے انکار کر دیا ہے۔ ڈاکٹر وشال کا کہنا ہے کہ جوڈیشل انکوئرای رپورٹ آنے سے قبل ایف آئی آر درج نہیں کرائیں گے۔ پولیس کے مطابق نمر تا چندانی کے بھائی ڈاکٹر وشال اپنے چچا اور ماموں کے ہمراہ ایس ایس پی مسعود بنگش کے آفس پہنچے۔ ڈاکٹر وشال نے پولیس کو بیان دیا کہ جوڈیشل انکوائری کی رپورٹ آنے سے پہلے نمرتا کے قتل یا خودکشی کے حوالے سے کوئی کارروائی نہیں چاہتے۔ ایس ایس پی مسعود بنگش کا کہنا ہے کہ ورثاء کی جانب سے ایف آئی آر درج نہ کروانے سے متعلق آئی جی سندھ کو آگاہ کر دیا ہے۔
نمرتا سے دوستی تھی: مہران ابڑو، ورثا کا مقدمہ درج کرانے سے انکار
Sep 23, 2019