گلگت+اسلام آباد (نامہ نگار+سٹاف رپورٹر+نیوز رپورٹر) گلگت بلتستان کے ضلع سکردو سے راولپنڈی آنے والی بس موڑ کاٹتے ہوئے بابوسر ٹاپ کے قریب گیٹی داس کے مقام پر پہاڑ سے ٹکرا گئی۔27 مسافر جن میں خواتین کے علاوہ 8 بچے اور پاک فوج کے 14جوان بھی شامل تھے جاںبحق اور 10شدید زخمی ہوگئے۔ چلاس سے ریسکیو ٹیموں کے علاوہ پاک آرمی کی امدادی ٹیموں نے میتوں و زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس منتقل کیا۔ فورس کمانڈر شمالی علاقہ جات میجر جنرل احسان محمود نے بھی چلاس پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور بعد ازاں فورس کمانڈر کی ہدایت پر دس زخمیوں اور میتوںکو سی ایم ایچ گلگت منتقل کردیا گیا۔ حادثے کا شکار بس کا نمبر BLN A 1495 ہے، پولیس ذرائع کے مطابق مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق دور دراز علاقے کے باعث امدادی کارروائی میں مشکلات کا سامنا رہا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسافر کوچ کے حادثے میں جاں بحق افراد میں پاک فوج کے 10 جوان بھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں کو آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ گلگت پہنچایا گیا ہے۔ جبکہ نعشیں بھی ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بابو سر ٹاپ پر ہونے والے حادثے پر پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔ صدرڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، سپیکر ڈپٹی سپیکر، وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ ، وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور اور آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات مشتاق منہا س نے بھی حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے گلگت بلتستان حکومت حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ کو سہولیات بہم پہنچائے اور زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے بہترین انتظامات کو یقینی بنائے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یاب کی بھی دعا کی۔