سیاسی بلوغت سے عاری سیاستدان ٹی وی ٹاک شوز میں کہتے ہیں حکومت فیل ہوگئی: فردوس عاشق

سیالکوٹ (نامہ نگار ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مودی ہٹلر بھارتی دھشت گرد کشمیر کے اندر نوجوانوں کو پیلٹ گن کے ذریعے ان کی بینائی چھین رہا ہے۔ اس مودی سے پنجہ آزمائی کیلئے وزیر اعظم پاکستان اقوام متحدہ میں بائیس کروڑ عوام کی طاقت سے مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے گئے ہیں۔ اگر بھارت کے قدموں کو کشمیر میں نہیں روکا جاتا، بھارت کے قدم پاکستان کی طرف بڑھیں گے اور ہمیں ان بڑھتے ہوئے قدموں کو کاٹ کر پھینکنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواحی قصبہ بھاگووال میں نادرا آفس کا افتتاح کرنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ سیاسی بلوغت سے عاری سیاستدان ٹی وی ٹاک شوز اور سوشل میڈیا ذریعے پراپیگنڈہ کر رہے کہ حکومت ناکام ہو گئی ہے، معاشی پالیسیاں فیل ہو گئی ہیں، حکومت ڈیلور نہیں کر سکی اورحکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو گئی ہے جبکہ حقائق اس کے برعکس ہیں۔ معیشت کو چونا اس طرح سے لگایا گیا کہ جمہوریت کے نام پر ذاتی مفاد کا تحفظ ہوا۔ ایک سال میں پہلی دفعہ ہوا کہ حکمرانوں کے خزانے بھرنے کی بجائے عمران خان نے ملک کا خزانہ بھرا اور یہ حکومت کے گزشتہ دس سالوں میں ریکارڈ ٹیکس اکٹھا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک سال میں تجارتی خسارہ کو 73فیصد کم کیا اور ایکسپورٹ کو بڑھانے میں وہ تمام اقدامات اٹھائے جس سے ملکی ایکسپورٹ میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف وزیر اعظم عمران خان 22کروڑ عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں جبکہ دوسری جانب مولانا فضل الرحمن بنگلہ نمبر 22کیلئے بے چین ہیں۔ جب سے مولانا فضل الرحمن سیاست میں آئے ہیں انہوں نے 22 نمبر بنگلہ پر قبضہ کیا ہوا تھا اور پہلی دفعہ انہیں 22 نمبری بنگلہ سے دوری کا غم ہے۔ ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ ایک طرف مظلوم کشمیری اپنے آزادی کیلئے مارچ کر رہے ہیں اور دوسری طرف یہ ٹولہ چوروں کی آزادی کیلئے چندہ اکٹھا کر کے مارچ کیلئے نکل رہا ہے۔ جب جب بڑا چور پکڑا جاتا ہے اور شکنجہ گردن کے قریب آتا ہے وہ نعرے لگانے لگ جاتا ہے کہ جمہوریت خطرہ میں آگئی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بابوسر میں ہونے والے افسوس ناک ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے دکھ کا اظہار اور زخمیوں کی صحت یابی کی بھی دعا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا جب سے پاکستان بنا یہ علاقہ اپنی شناخت کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھاتا تھا۔ عمران خان کی حکومت کا کمال ہے آج آپ کے دروازے پر حکومت شناخت دینے خود آ گئی۔ ماضی کی پنجاب حکومت نے سیالکوٹ میں ایک بھی صنعت نہیں لگنے دی۔ 10 سال کے دوران پنجاب حکومت صوبے پر عذاب بن کر نازل ہوئی۔ ایک طرف یہ ٹولہ چوروں کی آزادی کیلئے چندہ اکٹھا کر رہا ہے۔ خود کو جمہوریت کا چیمپئن کہنے والے خورشید شاہ آج کل نیب کے شکنجے میں ہیں۔ دریں اثناء ایک ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ احساس پروگرام کا مقصد ملک بھر سے غریبوں کو غربت کی لکیر سے نکال کر معاشی ترقی کا حصہ بنانا اور عدم مساوات کا خاتمہ ہے، صحت کارڈ سے ملک میں ایک کروڑ پانچ لاکھ گھرانے مستفید ہوں گے، وزیراعظم کے ویژن کے مطابق اگلے دو برس کے دوران یہ کارڈ ڈیڑھ کروڑ افراد میں تقسیم کر دیئے جائیں گے، یہ دونوں پروگرام غریب اور نادار افراد کے تحفظ کے لئے سنگ میل ثابت ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن