اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ جیل کی دیواریں عوام سے میرے پچاس سالہ تعلق کی راہ میں حائل نہیں ہو سکتیں مگر حالات کے جبر کی وجہ سے رابطوں میں تاخیر ضرور ہو سکتی ہے۔ جیل سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ افغان بارڈر پر آرمی آفیسر اور جوان کی شہادت اور چلاس گلگت کے قریب بس حادثے میں جانی نقصان پر انہیں دلی افسوس ہوا ہے اور اللہ تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ وہ انہیں جنت عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع میں یہ قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ہم اس ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ جاری رہے گی اور پاک سر زمین کو امن کا گہوارہ بنانا ہی ہماری جدوجہد کا حاصل ہے۔
جیل کی دیواریں عوام سے 50 سالہ تعلق میں حائل نہیں ہوسکتیں: خورشید شاہ
Sep 23, 2019