اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) یورپی یونین کے دارالحکومت برسلز میں کشمیر کے مسئلہ پر ایک آن لائن سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کشمیری رہنمائوں اور دانشوروں نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ تجارتی سمجھوتے کرتے وقت انسانی حقوق کی پاسداری کو ترجیح دیں۔ برسلز سے کشمیر کونسل یورپی یونین کی ایک رپورٹ کے مطابق کونسل کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا کہ بھارت جمہوریت ، جمہوری حقوق، میڈیا کی آزادی کو سلب کر رہا ہے۔ یورپی یونین پہلے ہی فیصلہ کر چکی ہے کہ وہ جن ملکوں سے معاہدے کرے گی وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے گا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ وہ اپنے زیر قبضہ کشمیر میں مسلمان اکثریت کو اقلیت میں بدل رہا ہے۔ آزاد کشمیر کی سابق وزیر برائے سماجی بہبود فرزانہ یعقوب نے کہا کہ ستر سال سے کشمیر میں صورتحال بد سے بدتر ہو رہی ہے۔ مقبوضہ وادی میں خواتین کی عزتوں کو پامال کیا جا رہا ہے، ریپ کو بھارتی فوج ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ ہا لینڈ کے ایک جریدے کے ایڈیٹر نے کہا کہ بھارت میڈیا پر پابندیاں لگا رہا ہے اسے یہ پابندیاں ختم کرنی چاہیے۔ سیمینار سے کئی کشمیری و غیر ملکی دانشوروں نے خطاب کیا۔
بھارت جمہوریت ، جمہوری حقوق، میڈیا کی آزادی کو سلب کر رہا ہے،علی رضا سید
Sep 23, 2020