ن لیگ قصہ پارینہ ، اپوزیشن صرف کرپشن بچانے کیلئے متحد ہے،شہبا ز گل 

Sep 23, 2020

اسلام آباد(  وقائع نگار خصوصی ) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ اپوزیشن صرف کرپشن بچانے کیلئے متحد ہے ، شہباز شریف نے کرپشن بچاؤ ایجنڈے کیلئے سب کے پاؤں پڑے ، ن لیگ قصہ پارینہ بن چکی ہے اب صرف تحریک انصاف حقیقت ہے ، وزیر اعظم عمران خان عوام کے ایک ایک پیسے کی حفاظت کر رہے ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہبا ز گل نے اپنے بیان میں کہا کہ کرپشن بچاؤ ایجنڈے پر شہباز شریف سب کے پاؤں پڑے ہیں اور صرف کرپشن کیلئے سب متحد ہیں ،باقی چچا، بھتیجی کی پارٹی الگ الگ ہی ہے ، انہوں نے کہا کہ کرپشن بچاؤ ایجنڈے پر 6 اے پی سیز ہو چکی اور6 ہزار بھی ناکام ہوں گی کیونکہ 15سال سے اقتدار میں رہنے والوں کو ایک موقع اور بھی چاہئے ہے۔ تقریباً دو دہائیوں سے کرپشن کرنے والوں نے کیا کچھ  نہیں کیا اقتدار کی ہوس میں اندھوں کی اصلیت عوام جان چکے ہیں ۔ ن لیگ قصہ پارینہ بن چکی ہے ، اب تحریک انصاف ایک حقیقت ہے، ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر  پر اپنے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے پانچ سالوں میں50 ارب ڈالر کا قرضہ لیا اور 27ارب ڈالر واپس کیا، نیٹ 23ارب ڈالر کا اضافہ کیا جبکہ کمرشل بینکوں سے مہنگا ترین قرضہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے 2سالوں میں ان کی قسطیں واپس کرنے کیلئے 22 ارب ڈالر کا قرضہ لیا اور20 ارب ڈالر واپس کیا، نیٹ صرف 2 ارب اور کمرشل بینکوں سے صفر قرضہ لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے  کمرشل بینکوں سے مہنگا ترین قرضہ لیکر غیر پائیدار پروجیکٹس پر خرچ کیا، جس سے صرف اپنامال بنایا اور اب جھوٹ بولتے ہیں کہ تحریک انصاف نے ہم سے زیادہ قرضہ لیا ا ورکچھ بد دیانت لوگ یہ غلط خبر پھیلاتے ہیں، سچ یہ ہے کہ عمران خان قوم کے ایک ایک پیسے کی حفاظت کر رہے ہیں ۔

مزیدخبریں