اسلام آباد/ سمندری ( خصوصی نمائندہ /نوائے وقت رپورٹ/ نامہ نگار/ صباح نیوز) کرونا وائرس سے 4افراد دم توڑ ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 6ہزار 424 ہوگئی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 582 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے ساتھ ہی تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 6ہزار 869ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں 98 ہزار 487، سندھ میں ایک لاکھ 34 ہزار 243، خیبر پی کے میں 37 ہزار 387، بلوچستان میں 14 ہزار 499، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 513، اسلام آباد میں 16 ہزار 207 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 533 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اب تک 2 لاکھ 93 ہزار 159 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 570 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کرونا سے ایک دن میں 4 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 424 ہوگئی۔ مہلک وبا کرونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتیں 9 لاکھ 69 ہزار 298 اور متاثرین کی تعداد 3کروڑ 14 لاکھ 82 ہزار 599ہو گئی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دنیا میں کرونا سے متاثر 2 کروڑ 31 لاکھ 10 ہزار85 افراد صحتیاب ہوئے اور ایکٹیو کیسز کی تعداد 74 لاکھ 3 ہزار 216 رہ گئی۔ امریکہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے۔ جہاں 2 لاکھ 4ہزار 506 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ بھارت کرونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 55 لاکھ 60 ہزار سے بڑھ گئی۔ بھارت میں کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد 88 ہزار 965 ہوگئی۔ برازیل میں کرونا سے متاثر ہونے والے ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے۔ گورنمنٹ سیکنڈری ہائی سکول نمبر 2 سے دو طلباء کرونا وائرس کا شکار ہور گئے۔ سکول انتظامیہ نے متاثرہ بچوں کے کمروں کو سیل کر کے طلباء کو قرنطینہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سکولز کھلنے پر بوائز ہائی سکول نمبر 2 کے اساتذہ سمیت 75 طلباء کی سیمپلنگ کی گئی جن میں سے کلاس نہم اور دہم کے دو طلباء محمد ثاقب اور محمد فیضان کو کرونا ٹیسٹ پازیٹو آ گئے۔ رپورٹ موصول ہوتے ہی سکول پرنسپل نے فوری طور پر نویں اور دسویں کلاس روم سیل کر دیئے اور دونوں بچوں کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء پاکستان میں کرونا وباء س بچاؤ کی ویکسین کی انسانوں پر آزمائش باقاعدہ طور پر شروع ہو گی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ویکسین کا کلینیکل ٹرائل صحت کے نظام میں بہتری کیلئے بھی اہم ہے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ ویکسین کا کلینکل ٹرائل چین کے تعاون سے شروع کیا گیا۔ دوسرے مرحلے میں 508 افراد پر ٹرائل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ تیسرے مرحلے میں 8 سے 10 ہزار افراد پر ویکسین کا ٹرائل ہوگا۔ ویکسین ٹرائل میں 7 ممالک کے 40 ہزار افراد رضاکارانہ شریک ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ آزمائشی مرحلے میں 8 سے 10 ہزار پاکستانی ہوں گے۔ ٹیسٹ کے ابتدائی نتائج میں 4 سے 6 ماہ میں متوقع ہیں۔ این سی او سی نے آج سے دوسرے مرحلے میں سکولز کھولنے کی اجازت دے دی، کل چھٹی سے آٹھویں کلاسز کاآغاز ہوگا۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا۔ وزارت تعلیم کے حکام نے بتایا پہلے مرحلے میں کھولے گئے اداروں میں ایس او پیز پر سختی سے عمل جاری ہے۔ دوسرے مرحلے کے تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے تیار ہیں۔ ادھر مراد راس کا کہنا تھا کل چھٹی جماعت سے 8 تک سکول کھول دیے جائیں گے۔ سکولوں سے کیسز نکلیں گے کیونکہ کرونا ختم نہیں ہوا، سکولوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ضروری ہے۔ اگر کرونا کا ایک کیس بھی نکلے گا تو سکول بند کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیر تعلیم خیبرپختونخوا شہرام ترکئی نے کہا دوسرے مرحلے میں چھٹی سے آٹھویں تک سکول کھول رہے ہیں۔ چھٹی سے آٹھویں تک تعلیمی سرگرمیاں آج سے بحال ہوں گی۔ دریں اثناء وزیر تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سکول کھلنے کے بعد ملک بھر میں کیسز میں اضافہ نہیں ہوا اس لیے سکول کھولنے کے دوسرے مرحلے کے التوا کا کوئی جواز نہیں۔ کئی سکول اس لئے بند نہیں کئے کہ وہاں بیماری پھیلی تھی بلکہ اس لئے بند کیے کہ انہوں نے سکول کھولنے کے لیے طے شدہ ایس او پیز پر عمل نہیں کیا تھا۔ شفقت محمود نے کہا کہ ایک ہفتے کے دوران صحت کی صورتحال کا انتہائی بغور جائزہ لیا، مجھ سمیت ہمارے صوبائی وزرا نے سکولوں کا دورہ کر کے وہاں معائنہ کیا اور کئی سکول اس لئے بند نہیں کئے کہ وہاں بیماری پھیلی تھی بلکہ اس لئے بند کئے کہ انہوں نے اسکول کھولنے کے لیے طے شدہ ایس او پیز پر عمل نہیں کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سکول بند کرنے سے کچھ لوگوں نے غلط تاثر لیا کہ شاید بیماری میں اضافہ ہو رہا ہے حالانکہ ایسی کوئی بات نہیں ہے اور انہیں قواعد کی خلاف ورزی پر بند کیا گیا۔ شفقت محمود نے کہا کہ ساری چیزوں کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج سے چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت کی کلاسز سکول میں شروع ہو جائیں گی۔دریں اثناء لندن حکومت نے کرونا وائرس انفیکشنز کے دوبارہ بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے اس وبائی مرض کے خلاف وارننگ کا لیول بڑھا کر تین سے چار کر دیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اب وہاں یہ وائرس پہلے سے زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ماہرین کو خدشہ ہے کہ وہاں کرونا وائرس کی وجہ سے لگنے والی بیماری کے باعث انسانی ہلاکتوں کی تعداد دوبارہ بہت زیادہ ہو سکتی ہے۔ انگلینڈ کے چیف میڈیکل آفیسر کے مطابق اکتوبر کے وسط تک کرونا وائرس کے نئے مریضوں کی روزانہ تعداد پچاس ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔ اب تک برطانیہ میں تقریباً بیالیس ہزار افراد اس وائرس کے ہاتھوں ہلاک ہو چکے ہیں، جو کسی بھی یورپی ملک میں کووڈ انیس کے باعث ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔