حکومت نے اقتصادی سفارتکاری کو فروغ دینے کیلئے اکنامک آؤٹ ریچ ایپکس کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں فیصلہ بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک اجلاس میں کیا گیا جسکی صدارت وزیراعظم عمران خان نے کی۔قومی سلامتی کے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف کو اقتصادی سفارتکاری کے فروغ کیلئے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔اجلاس میں متعلقہ وفاقی وزرا صوبائی محکموں اور دیگر اداروں سے رابطے قائم کرنے اور اہداف کے حصول کیلئے اکنامک آؤٹ ریچ کوآرڈینیشن گروپ کے قیام کا بھی فیصلہ کیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ اقتصادی سفارتکاری کو فروغ دیا جائے جس سے ناصرف دیگر ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مستحکم ہوںگے بلکہ معیشت کے شعبے میں موجودہ استعدادکار کو بھی بڑے پیمانے پر بروئے کار لایا جاسکتا ہے۔انہوں نے بیرون ملک تعینات مشنز کو ہدایت کی کہ وہ اقتصادی سفارتکاری کو فروغ دینے پر بھرپور توجہ دیں۔عمران خان نے سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین کو ہدایت کہ وہ ان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہرممکن تعاون یقینی بنائیں جو ملک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کریں۔