لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام سرگودھا ڈویژن کا اجلاس ہوا۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ میں پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہہ کہ ان الیکشن میں ہمارا مقابلہ ہم ہی سے تھا۔ آپس کے اختلافات بھلا کر جماعت کیلئے کام کریں۔ ہماری جماعت کو توڑنے، کمزور کرنے اور دھاندلی کے باوجود انکو شکست ہوئی۔ آزاد کشمیر کا الیکشن ہم ہارے پھر بھی پانچ لاکھ ووٹ ہمیں ہی ملے۔ دھاندلی کرنے والے بھی حیران ہیں اتنا کچھ کرنے کے باوجود انکو اتنے ووٹ کیسے مل گئے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں دھاندلی کا نتیجہ آج عوام اور ملک بھگت رہے ہیں۔ اداروں کو بھی چاہیے کہ ان کے درمیان سے ہٹ جائیں۔ ایک پیج کے چرچے کے باوجود ہر ادارہ ان کیخلاف بول رہا ہے۔ ہر ادارہ انکے خلاف سٹینڈ لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا تیس سال سے میاں برادران ان سازشوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ 2018ء میں ہمارے لوگوں کے منہ پر تھپڑ مارے گئے۔ وہ دن دور نہیں جب انکے پاس امیدوار بھی نہیں ہونگے۔ ہر حلقہ میں پتھر پڑیں گے۔ مہنگائی، بیروزگاری، چوریاں، ڈاکوں پر ووٹ مانگیں گے؟۔ معیشت کی تباہی اور پاکستان کی عزت ختم کرنے پر ووٹ مانگیں گے؟۔ پارٹی قائد میاں محمد نوازشریف نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے میاں نوازشریف کو تین مرتبہ اپنا وزیراعظم منتخب کیا لیکن تینوں مرتبہ ان کو قوم کی خدمت اور ملکی ترقی سے روکا گیا۔ الحمدللہ جو کارنامے مسلم لیگ (ن) نے سرانجام دیے وہ کسی دور میں نہیں ہوئے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کے سب بڑے منصوبے مسلم لیگ (ن) کے دور میں مکمل ہوئے، یہی ہماری شاندار وراثت اور قومی خدمت کی گواہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کوئی پاکستان کو پوچھنے کیلئے تیار نہیں، وجہ ان حکمرانوں کی نااہلی ہے۔ کرپشن کی داستانیں رقم ہورہی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے گزشتہ روز ڈویژنل اجلاس سے خطاب میں ہدایت کی ہے کہ ہر پولنگ سٹیشن سے پانچ، پانچ لوگ شامل کیے جائیں جن کی عمر 35سال سے کم ہو، ہر کالم میں انکی عمر اور پتہ لازمی لکھیں خواتین کو تنظیم میں شامل کریں۔ پارٹی سے مخلص اور قائد سے محبت کرنے والوں کو اس میں شامل کیا جائے۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ ہمیں اپنی جماعت کو گراس روٹ لیول تک مضبوط کرنا ہوگا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایسے لوگوں کو آگے لائیں جو پارٹی سے محبت کرتے ہیں۔ مہنگائی اس حکومت کو کھا جائے گی۔ ہمارے علاوہ سب جماعتیں اقتدار میں حصہ چاہتی ہیں۔ دھاندلی نہ ہوتی تو ہماری سیٹیں سو سے زائد ہوتیں۔ اجلاس سے عطاء تارڑ نے بھی خطاب کیا اور پارٹی کی انتخابی سیاست کو مضبوط کرنے کے لیے تجاویز دیں۔
30سال سے سازشوں کا مقابلہ کر رہے ہیں: مسلم لیگ ن
Sep 23, 2021