اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے آئندہ عام انتخابات کے لیے نئی حلقہ بندیاں کرنے اور آرٹی ایس، آر ایم ایس کے استعمال پر اصولی اتفاق کرلیا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کرلیے گئے۔ الیکشن کمشن نے نئی حلقہ بندیاں 2017 کی مردم شماری رپورٹ، آر ٹی ایس اور آر ایم ایس کی گزشتہ انتخابات میں سامنے آنے والی خامیاں نادرا سے مل کر دور کرنے کی ہدایت کر دی۔الیکشن کمشن نے غلطیوں سے پاک الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنیکل کمیٹی ای وی ایم پر جائزہ جلد مکمل کرے۔ غلطی اور خامی سے پاک ٹیکنالوجی کے استعمال کے حق میں ہیں، حکومت کی جانب سے تاحال ای وی ایم سے متعلق مانگی گئی چیزیں فراہم نہیںکی گئیں۔دوسری جانب حکومت نے اپوزیشن کے دباؤ پر پارلیمانی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ?ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی تمام پارلیمانی لیڈران کو خط لکھ کر جلد ارکان کے نام لیں گے۔ حکومت اور اپوزیشن پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی میں انتخابی اصلاحات اور ای وی ?ایم پر تفصیلی مشاورت ہوگی۔ امکان ہے کہ حکومت اب پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس نہیں بلائے گی۔