لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں چیئرپرسن نیشنل کمشن آن دی سٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، جیلوں میں اصلاحات اور خواتین پر تشدد کی روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کی سماجی و معاشی خودمختاری کیلئے تاریخ ساز اقدامات کر رہی ہے۔ صوبے بھر میں ملازمت پیشہ خواتین کیلئے 18 ویمن ورکرز ہاسٹل اور 1221 ڈے کیئر سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن کا جلد تقرر کیا جائے گا۔ جیل نظام میں اصلاحات کے ذریعے قیدیوں کو بنیادی سہولتیں دیں گے اور اس ضمن میں فرسودہ نظام کو بدلنے کیلئے قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔ جیلوں میں خواتین قیدیوں سے ناروا سلوک کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ماضی کی طرح خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے بلند بانگ دعوے نہیں بلکہ عملی اقدامات کئے ہیں۔ پبلک مقامات پر خواتین کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔ خواتین سے بدسلوکی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب میں خواتین پر تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات قابل تعریف ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بز دار نے لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پراجیکٹ پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس میں پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور سینٹرل بزنس منصوبہ روزگار کی فراہمی کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ اس منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے یہ منصوبہ انتہائی پرکشش مواقع رکھتا ہے۔ دبئی ایکسپو میں بھی لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کی شوکیسنگ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں اوورسیز پاکستانیز کمشن پنجاب کے نئے وائس چیئرمین مخدوم طارق محمود الحسن نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلی نے او پی سی کے وائس چیئرمین کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کر سکتے۔ حکومت پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق اور املاک کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔ وزیراعلیٰ نے بلوچستان کو پنجاب سے ملانے والی سڑک پر ٹریفک بلاک ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان اور کمشنر ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ٹریفک رواں دواں کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سینئر صحافی صحافی مجیب الرحمان شامی کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے بھائی صاحبزادہ ضیاء الرحمن شامی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار محسن نقوی کی رہائش گاہ گلبرگ گئے اور سید افضل نقوی کے انتقال پر محسن نقوی سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔