دبئی ایکسپوکونتیجہ خیزبنانے کیلئے معیاری ڈاکو مینٹریزتیارکی جائیں:اسلم اقبال

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال اور چیف سیکرٹری کامران علی افضل کی زیر صدارت دبئی ایکسپو میں شرکت کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی کا چوتھا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں ہواجس میں دبئی ایکسپوکے حوالے سے محکمانہ انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں دبئی میں انٹرنیشنل بزنس کانفرنس ، ایڈوانس ٹیم بھجوانے، دوبئی ایکسپو کے حوالے سے مالیاتی امور اور دیگر معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ دبئی ایکسپو 2020ء کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے محکمے معیاری ڈاکو مینٹریز اور مواد تیار کریں۔ دبئی ایکسپو کے ذریعے صوبہ پنجاب کے سرمایہ کاری پوٹینشل کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نومبر میں انٹرنیشنل بزنس کانفرنس کے انعقاد سے پنجاب میں نئی سرمایہ کاری آئے گی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ہوں گے اور صنعت وتجارت اور بزنس کمیونٹی کی بھر پورنمائندگی ہوگی۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ دبئی ایکسپو کے ذریعے پنجاب میں صنعت کاری کے عمل کو تیز کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے سرمایہ کاروں کو آگاہی دی جائے گی۔سیکرٹری صنعت وتجارت ڈاکٹر واصف خورشید،چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر ارفع اقبال اور متعلقہ محکموں کے افسروں نے اجلاس میں شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن