مکرمی! ٹیکنالوجی کی ترقی نے سوشل میڈیا کے بہت سے نئے پلیٹ فارموں کو جنم دیا ہے۔ یہ پلیٹ فارمز معاشرتی اصلاح کے لیے بھی استعمال ہورہے ہیں لیکن ان کی وجہ سے نوجوانوں کو نقصان بھی پہنچ رہا ہے۔ سوشل میڈیا نوجوانوں کو جسمانی اور ذہنی دونوں حوالوں سے نقصان پہنچا رہا ہے۔ ہماری نوجوان نسل اس حد تک سوشل میڈیا کی عادی ہوچکی ہے کہ اس کی وجہ سے ان کی تعلیم بھی متاثر ہورہی ہے اور زندگی کے معمولات بھی۔ نوجوان رات گئے تک موبائل فون سے چپکے رہتے ہیں تاکہ ان کے دوستوں کی طرف سے پوسٹ کی جانے والی کوئی بھی اہم چیز ان سے مس نہ ہو جائے۔ یہ خیال انھیں سونے بھی نہیں دیتا جس کی وجہ سے وہ بیزاری اور بے چینی کا شکار رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ، سوشل میڈیا نوجوان لڑکے لڑکیوں کو معاشرے سے کاٹ کر تنہائی کا شکار بھی کررہا ہے۔ اس صورت حال میں ماں باپ اور اساتذہ کو اس بات کو اپنی اہم ذمہ داری سمجھنا چاہیے کہ وہ اپنے بچوں اور شاگردوں کی اس حوالے سے تربیت کریں اور انہیں سوشل میڈیا کے مضر اثرات سے بچائیں۔(فضا عثمان، لاہور)
سوشل میڈیا کے مضر اثرات
Sep 23, 2021