اسلام آباد استنبول راہداری سے تجارت کا آغاز بڑا سنگ میل، ایف پی سی سی آئی

Sep 23, 2021

کراچی(کامرس رپورٹر) ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ناصر حیات مگوں نے برادر اسلامی ممالک پاکستان اور ترکی کے ما بین سڑک کے ذریعے دو طرفہ تجا رت کے آغاز کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایک اعلیٰ سطح تقریب سے خطا ب کرتے ہو ئے صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان سے استنبول-تہران-اسلام آباد (ITI) راہداری کے ذریعے اکتو بر کے پہلے ہفتے میں روڈ ٹر انسپورٹ کے ذریعے ترکی سامان پہنچانے کا افتتا ح کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ دو طرفہ تجارت میں روڈ ٹرانسپورٹ کی عدم دستیا بی ایک بڑی رکاوٹ تھی اور اب قیمتی وقت اور سرمائے کی بچت کی جا سکے گی۔اس ہائی پروفائل ایونٹ کا اہتمام پاکستان ترکی جوائنٹ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری فورم نے کیا تھا اور یہ اس کا چوتھا اجلاس تھا۔ اجلاس میں دونوں اطراف کے اعلیٰ ترین سفارت کاروں نے شرکت کی جبکہ پاکستان ترکی جوائنٹ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری فورم کے چیئرمین امجد رفیع بھی شریک ہوئے۔ دونوں ملکوں کی کاروباری، صنعتی اور تجارتی قیادت اور اعلیٰ سرکاری عہدیداران بھی موجود تھے۔ پاکستان میں ترکی کے سفیر  Ihsan Mustafa Yurdakul نے کہا کہ پاکستان تر کی دو طرفہ تجا رت ایک ارب ڈالر کی نفسیاتی حد عبور کر چکی ہے اور تجارت کی موجودہ سطح کو چند سالوں میں با ہمی کو ششو ں سے پانچ ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے، بشرطیکہ ہم دو نو ں ممالک کی کاروباری برادری کے تعلقات کو مضبوط کریں اور مزید شعبوں اور صنعتوں کو بھی دو طرفہ تجا رت کا حصہ بنائیں۔ترکی میں پاکستان کے سفارت خانے میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن ارشد جان پٹھان نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے حقیقی امکانات کے حصول کے لیے ترکی میں پاکستانی مشن کی مکمل حمایت کااعادہ کیا۔ انہوں نے سیاحت، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے لیے دستیاب مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اکتوبر کے پہلے ہفتے میں پاکستان سے ترکی تک روڈ پر مبنی ٹرک کی نقل و حرکت کے بارے میں بھی بات کی جس کے لیے پاکستان مشن کی جانب سے کسٹمز وغیرہ کے لیے ضروری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ 

مزیدخبریں