اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)مشیر تجارت عبدالرازاق داؤد نے کہا ہے کہ سام سنگ الیکٹرانکس کراچی میں ٹی وی لائن اپ پلانٹ قائم کرے گا، یہ پلانٹ 2021 کی چوتھی سہ ماہی میں فعال ہو جائے گا، اس پلانٹ کے فعال ہونے کے بعد 50 ہزار یونٹ کی سالانہ پیداوار ہوگی، وزارت تجارت کی صنعتوں کو فروغ دینے کیلئے میک ان پاکستان پالیسی کی بدولت یہ ممکن ہوا ہے، حکومت نے ان پٹ اخراجات، صنعتی شعبے کی ریشنلائزیشن اور دیگر مراعات دی ہیں، دریں اثنا مشیر تجارت سے پاکستان میں جاپان کے سفیر ایچ کونینوری مسٹوڈا نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون اور اقتصادی فورمز کی تنظیم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انفراسٹرکچر کے فوکس ایریاز کو اپ گریڈ کرنے اور مختلف شعبوں جیسے ماہی گیری ، نمک اور فوڈ پروسیسنگ کے لیے جاپان کی مدد کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔ملاقات کے دوران سفیر نے بتایا کہ جاپان کی ٹویوٹا کارپوریشن پاکستان سے ہائبرڈ گاڑیاں بنانے اور برآمد کرنے میں تقریبا 100 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ انہوں نے مشیر کو جاپان کے دورے کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی۔