ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کو سیاہ رنگ کے بادلوں نے اپنے نرغے میں لے لیا اور شہر بھر میں تیز ہواں کے ساتھ موسلا دھار بارش شروع ہو گئی۔کراچی میں ملیر ہالٹ، رفاہِ عام اور دیگر علاقوں میں تیز بارش شروع ہوئی، جس کے بعد کورنگی سنگر چورنگی، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، گلشنِ معمار، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، مسلم ٹان، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد اور شہر کے دیگر علاقوں میں بھی بادل زور و شور سے برسنے لگے، بارش ہونے سے شہر کا موسم خوش گوار ہو گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان بڑھنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہر میں شمال مغرب سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ صبح میں ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔