وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ پنجاب میں سی پیک پراجیکٹس میں تعاون پر چینی دوستوں کے مشکور ہیں۔وزیراعظم عمران خان کے دورحکومت میں پاک چین تعلقات بلندیوں کی طرف گامزن ہیں۔پنجاب کا نیشنل جی ڈی پی میں شیئر سب سے زیادہ ہے۔ صوبے میں کاروبار دوست ماحول اور انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کے لئے صورتحال انتہائی موزوں ہے اور سرمایہ کاری کے لئے حالات سازگارہیں۔ چینی دوستوں کو پنجاب کی انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں ـ پنجاب میں انڈسٹریز کے قیام کے لئے انہیں تمام تر ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔وہ آج سی پیک اتھارٹی کے زیر اہتمام مشترکہ تعاون کمیٹی کے اجلاس سے ویڈیولنک کے ذریعے خطاب کررہے تھےـ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سی پیک کے تحت فیصل آباد میں سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی آپریشنل ہو چکا ہے ـسپیشل اکنامک زون میں 1050 ایکڑ پر محیط قطعہ اراضی چائنہ زون کے لئے مختص کیا گیا ہے۔ چین سے آنے والے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے پنجاب میں لینڈ لیز پالیسی کو حتمی شکل دی جا رہی ہےـسی پیک فیز ٹو میں ایگریکلچر سیکٹر میں گروتھ کا خاصا پوٹینشل موجود ہے۔پنجاب میں مویشیوں کی منہ کھر بیماری سے پاک زونز کے قیام کیلئے چینی ماہرین کی معاونت کا خیر مقدم کریںگے۔ سوشل اکنامک پراجیکٹس میں معاونت کرنے والے ماہرین کا شکریہ ادا کرتا ہوںـسوشل اکنامک پراجیکٹس کوفیڈ بیک کے لئے چینی ایکسپرٹ ٹیم سے شیئر کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ ڈیڑھ برس پاکستان ہی نہیں بلکہ عالمی معیشتوں کے لئے بھی خاصا کٹھن ثابت ہوئے تاہم کورونا کے باوجود حکومت پنجاب نے سی پیک کے جاری منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیشرفت کی ـ زراعت،لائیوسٹاک، آبی ذخائر،انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں نئے منصوبوں کی تجاویز تیار کرلی گئی ہیں اور ان منصوبوں کو آئندہ جوائنٹ ورکنگ گروپ میٹنگ میںمنظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ پنجاب میں مختلف مقامات پر ڈیموں اور نہروں کی تعمیر کے ذریعے زراعت کو فروغ دیا جاسکتا ہےـ کوہ سلیمان کے علاقے وہوا، سانگھڑ اور چاچڑ رودکوہی میں ڈیم بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہےـ صحرائے چولستان کو سیراب کرنے کیلئے رحیم یار خان میں نئی نہربنانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ 135میگاواٹ کا تونسہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سی پیک کے انرجی پراجیکٹس میں سرفہرست ہے اوراس منصوبے کی سی پیک انرجی پراجیکٹس کی ترجیح لسٹ میں شمولیت بہترین فیصلہ ثابت ہوگاـوزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت چین اور ان کے اداروں کے حکومت پنجاب سے غیرمتزلزل تعاون پر مشکور ہیں۔پنجاب میں سی پیک پراجیکٹس کی تکمیل سے پاک چین تعلقات نئی بلندیوں کی طرف گامزن ہوں گے.