آئی ایم ایف کو نئی شرائط پر بات کرنا چاہئے ، عمران سیلاب میں بھی سیاست چمکا رہے : بلاول 

Sep 23, 2022

 اسلام آباد‘ نیویارک (خصوصی نامہ نگار+آئی این پی ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان اس وقت سیاست چمکا رہے ہیں جب ایک تہائی پاکستان سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے۔ نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی ایک انتظامی مسئلہ ہے جس کا اختیار وزیر اعظم کے پاس ہے مگر عمران خان کی سیاست اسی ایک سوال کے گرد گھومتی ہے، وہ سیلابی صورتحال کے باوجود سیاست چمکا رہے ہیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیلابی صورتحال کے باعث فرانس سمیت مختلف ممالک نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے، سیلاب کے بعد آئی ایم ایف کو نئی شرائط پر بات کرنی چاہئے۔ دوسری جانب فرانسیسی ٹی وی کو انٹرویو  میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی۔ عالمی برادری کو پاکستان کی مدد کیلئے آگے آنا ہوگا۔ پاکستان کو موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے30ارب ڈالر درکار ہیں۔ ایک سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کے ساتھ اس وقت کوئی بھی رابطہ نہیں۔ بلاول  نے ڈنمارک کے وزیرخارجہ جیپسے کوفوڈ سے ملاقات کی۔  وزیرخارجہ نے ڈنمارک کے ساتھ پاکستان کے سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے‘ اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے اور تعلیمی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیرخارجہ نے زور دیا کہ عالمی برادری کو افغانستان کو نہیں بھولنا چاہئے۔ پاکستان  نے افغانستان کے عوام کیلئے انسانی امداد کی  فراہمی جاری رکھی ہے۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہنگری کے وزیرخارجہ اور تجارت پیٹرز زیجارتو سے ملاقات کی۔ دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے پر خصوصی  توجہ دیتے ہوئے وزیرخارجہ نے تجویز پیش کی کہ ہنگری پاکستان میں سرمایہ کار دوست ماحول سے فائدہ اٹھا کر پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ خاص طورپر خصوصی اقتصادی زونز میں مشترکہ منصوبے شروع کر سکتا ہے۔ انٹرویو میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ طالبان نے عالمی برادری سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے۔ طالبان کی وعدہ خلافی کی وجہ سے ان کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا گیا۔ طالبان کی جانب سے لڑکیوں کو  سیکنڈری سکول جانے کی اجازت نہ دینے پر دکھ ہوا۔ وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ آج کا بھارت سیکولر بھارت نہیں رہا۔ بھارت اب ہندو بالادستی  کا شکار ملک بنتا جا رہا ہے اور اس کی قیمت مسلمان اور مسیحی اقلیت ادا کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں