ڈینگی سرویلنس ٹیم کی سرگرمیوں کا جائزہ ، پرویزالٰہی سے سفیر ہنگری کی ملاقات ، تعاون  بڑھانے پر اتفاق 

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی آفس سے واپسی پر اچانک شاہ جمال پہنچ گئے اور شاہ جمال میں انسداد ڈینگی مہم کا جائزہ لیا اور سرویلنس ٹیموں کی انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو چیک کیا۔ وزیراعلیٰ نے انسداد ڈینگی اقدامات سے آگاہی کے لئے لوگوں میں پمفلٹ تقسیم کئے اور ڈینگی لاروا برآمد ہونے والے گھروں کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کو ایک گھر سے برآمد ہونے والا لاروا دکھایا گیا۔ پرویز الٰہی نے علاقے کے مکینوں سے انسداد ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں گفتگو کی۔ لاروا برآمد ہونے والے ایک گھر کے مکین فرحان سے بات چیت کی اور انہیں ڈینگی سے بچاؤ کی ضرورت سے آگاہ کیا۔ پرویز الٰہی نے اس موقع پر انسداد ڈینگی ٹیم کے عملے سے گفتگو میں کہا کہ جس گھر سے لاروا برآمد ہو‘ اس کے ارد گرد کے گھروں میں سپرے کرایا جائے۔ سرویلنس ٹیمیں ہاٹ سپاٹ گھروں اور علاقوں کے باقاعدگی سے وزٹ کریں۔ پرویز الٰہی نے انسداد ڈینگی مہم کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے کا حکم دیا۔ پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے ہنگری کے سفیر بیلہ فازیکس نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا اور زراعت، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اورواٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب اورہنگری کے مابین زراعت، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اور واٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔ ہنگری کی جانب سے پاکستانی طلبہ کو وظائف کی فراہمی خوش آئند ہے۔ ہماری حکومت نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے نئی آسانیاں پیدا کی ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی سہولت دے رہے ہیں۔ ہمیں ایک دوسرے کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ہنگری کے سفیر نے کہا کہ ہنگری پنجاب حکومت کے ساتھ زراعت، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اور واٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں معاونت کرنے کو تیار ہے۔ جب آپ 2006 میں وزیراعلیٰ تھے تو اس وقت بھی آپ سے ملاقات ہوئی تھی۔ آپ سے ملاقات کی خوشگوار یادیں آج بھی مجھے یاد ہیں۔ میں پہلے بھی آپ کے فلاح عامہ کے کاموں کا معترف تھا اور آج بھی ہوں۔ پرویزالٰہی سے ایم پی اے سعید احمد سیدی، سابق ایم این چودھری اشفاق اور  کاشف اشفاق نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں اورعمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے جامع ایکشن پلان بنایا ہے۔ سیکرٹریز کی کارکردگی کو ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے لنک کیا ہے اور منصوبوں کو مقرر کردہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا ہے۔ وزیراعلیٰ آفس سے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر ہونے والی پیشرفت کی نگرانی کی جائے گی۔ پیشرفت کا خود باقاعدگی سے جائزہ لوں گا۔ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار یقینی بنانے کیلئے ہر سطح پر مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت صوبہ بھر کے کاشتکاروں کے آبپاشی سے متعلق مسائل حل کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ  سے چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب صاحبزادہ حامد رضا نے ملاقات کی۔  پرویز الٰہی نے صاحبزادہ حامد رضا کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور متحدہ علماء بورڈ کو احسن طریقے سے چلانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ استحکام پاکستان میں علماء  کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ قوم کو متحد رکھنے کیلئے علماء کرام کا کردار نہایت اہم ہے۔ دین کا کام ہم سب پر فرض ہے، دینی شعار کے فروغ میں بھرپور معاونت کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...