اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور انسانی ہمدردی کے اقدامات میں تعاون اور شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں جاپان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے پر امید ہیں۔ جاپانی سفیر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستانی عوام کو مکمل تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پاک فوج کی کوششوں کو بھی سراہا۔ آرمی چیف نے جاپان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ہمارے عالمی شراکت داروں کی مدد متاثرین کی بحالی میں اہم ہوگی۔
عالمی شراکت داروں کی مدد متاثرین کی بحالی کیلئے اہم : آرمی چیف ،جاپانی سفیر کی ملاقات
Sep 23, 2022