حنا ربانی کھر سے انڈر سیکرٹری امریکی محکمہ خارجہ وکٹوریہ نولینڈکی ملاقات

اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھرسے امریکی محکمہ خارجہ کی سیاسی امور کی انڈر سیکرٹری وکٹوریہ نولینڈ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ملاقات کی۔تر جما ن دفتر خارجہ ک ے مطا بق ملاقات کے دوران وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے 55 ملین ڈالر کی امداد کے ذریعے پاکستان کے سیلاب زدگان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس کے وفود اور امریکی حکام کے پاکستان کے حالیہ دورے، سیلاب زدگان اور پاکستانی عوام کے لیے امریکی ہمدردی کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے انڈر سیکرٹری کو تباہ کن سیلاب سے ہونے والی تباہی سے آگاہ کیا جس سے 33 ملین افراد براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے کہا کہ اگرچہ پاکستان زہریلی گیسوں کے عالمی اخراج کے ایک فیصد سے بھی کم کا ذمہ دار ہے لیکن اسے موسمیاتی بحران کا سامنا ہے۔ انہوں نے حکومت کی امدادی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تعمیر نو اور بحالی کے لیے بین الاقوامی برادری کی جانب سے طویل مدتی امدادکی ضرورت ہوگی۔ حنا ربانی کھر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی تجارت اور سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان کے آئین میں ان کے حقوق کا تحفظ  کیا گیا ہے اور عدلیہ نے انہیں برقرار رکھا ہے۔  تر جما ن دفتر خا رجہ کے مطا بق وزیر مملکت  نے نیویارک میں امریکی سفیر برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی رشاد حسین سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ کو بہت سنجیدگی سے لیتی ہے، مذہبی تنوع پاکستان کی طاقت ہے اور مذہبی اقلیتیں پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ، عدلیہ اور خدمات میں ان کی نمائندگی ہے، انہیں سیاسی طور پر مربوط بنانے اور ان کی نمائندگی بڑھانے کی شعوری کوششیں کی جا رہی ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بھارت میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت، انتہا پسندی اور اقلیتوں پر ظلم و ستم اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے خلاف مسلسل جبر عالمی برادری بالخصوص امریکا  کے لئے شدید تشویش کا باعث ہونا چاہئے۔ رشاد حسین نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے باعث قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار تعزیت کیا اور املاک اور انفراسٹرکچر کی تباہی پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے مذہبی آزادی سے متعلق معاملات پر امریکا  کے ساتھ پاکستان کے مسلسل روابط کو سراہا۔

ای پیپر دی نیشن