نوکنڈی:ریکوڈک اورپاک فوج کی حمایت میں ریلی

نوکنڈی (این ا ین آئی)بی اے پی کے مرکزی رہنما  اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے سابق مشیر میر اعجاز خان سنجرانی کی ہدایت پر پاک فوج اور ریکوڈک منصوبے کی حمایت میں نوکنڈی میں کار ریلی نکالی گئی ۔ریلی بی اے پی اور خان سنجرانی پینل کے دفتر سے نکالی گئی جو شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی واپس مین بازار پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ریلی کے شرکاء سے بی اے پی اور خان پینل کے رہنماؤں حاجی امان اللہ مینگل، حاجی رفیق ساسولی، تاجل شاہ، بلال شہزاد برہانزئی اور حبیب بخش بلوچ نے خطاب کیا ۔مقررین نے کہاکہ پاک فوج کی کوششوں سے ریکوڈک منصوبے پر معاہدہ طے پایا جو کہ خطے کی ترقی کے لئے اہم پیش رفت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک پروجیکٹ پر کام شروع ہونے سے علاقہ مکینوں کو تعلیم، صحت اور روزگار سمیت دیگر سہولیات کے مواقع میسر آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بیرک گولڈ کے سی ای او نے ریکوڈک منصوبے کو بلوچستان کے لیے معاشی گیم چینجر قرار دیا ۔اس منصوبے سے نہ صرف ضلع چاغی بلکہ بلوچستان کے ہزاروں افراد کو روزگار ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ بیرک گولڈ ریکوڈک پراجیکٹ پر جلد کام شروع کرنا خوش آئند ہے تاکہ علاقے میں ترقی کا آغاز ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع چاغی بالخصوص نوکنڈی کے عوام میر اعجاز خان سنجرانی کی قیادت میں ریکوڈک منصوبے کی کامیابی کے لئے بیرک گولڈ کمپنی کے ساتھ ہیں۔

ای پیپر دی نیشن