سالانہ ترقیاتی پورٹ فولیو 2022-23کا پہلا جائزہ اجلاس 

Sep 23, 2022


لاہو ر(کامرس رپورٹر)چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبداللہ خان سنبل کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پورٹ فولیو 2022-23کا پہلا جائزہ اجلاس پی اینڈ ڈی کمپلیکس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب میں ترقیاتی کاموں، مختص بجٹ کے ریلیز اور استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ سہیل انور نے چیئرمین کو پورٹ فولیو کی موجودہ صورتحال سمیت پنجاب میں نئی سکیموں کی منظوری اور جاری سکیموں پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیئرمین کو یہ بھی بتایا گیا کہ 4,992 سکیموں میں سے 4377 سکیموں کی منظوری دی گئی ہے اور 685 ارب کے مختص بجٹ کے مقابلے میں 245 ارب خرچ کی سطح پر باقی رہ گئے ہیں۔ اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے ہدایت کی کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام2022-23 پر تیزی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے وضع کردہ ہدایات پر عمل کیا جائے۔ اس مقصد کیلئے ایک فعال نقطہ نظر کی ضرورت ہے تاکہ ہر سطح پر ایک مضبوط مانیٹرنگ میکانزم کے ساتھ ADP کے نفاذ کو شروع کیا جا سکے۔ مذکورہ بالا ہدایات پر عمل درآمد کیلئے انتظامی محکموں کی جانب سے کوالٹی کنٹرول کا مضبوط طریقہ کار بنایا جائے تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق معیاری کام کو یقینی بنایا جا سکے۔ چیئرمین نے محکموں کو موجودہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی کیلئے بجٹ کے ماہانہ استعمال کا منصوبہ تیار کرنے اور اسے پی اینڈ ڈی بورڈ کو بھیجنے کی ہدایت کی۔ ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ کو اہداف کے حصول کیلئے 15 روزہ نگرانی کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں