اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے چلاس شہر سے 40 کلو میٹر زیریں جانب دریائے سندھ پر زیر تعمیر دیامر بھاشا ڈیم کا دورہ کیا۔ ڈی جی ایف ڈبلیو او میجر جنرل کمال اظہر بھی دورے میں ان کے ہمراہ تھے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر دیامر بھاشا ڈیم کمپنی، چیف ایگزیکٹو آفیسر دیامر بھاشا کنسلٹنٹس گروپ اور تعمیراتی کمپنیوں پاور چائنا اور ایف ڈبلیو او کے نمائندے بھی اِس موقع پر موجود تھے۔ چیئرمین واپڈا نے ڈائی ورشن ٹنل، ڈائی ورشن کینال، مین ڈیم اور زیر تعمیر پل سمیت منصوبے کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ قبل ازیں پراجیکٹ انتظامیہ نے بریفنگ کے دوران چیئرمین واپڈا کو دیامر بھاشا ڈیم کے اہداف اور منصوبے پر تعمیراتی کام کی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیئرمین کو بتایا گیا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل کے لئے 2029ء کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ چیئرمین نے پراجیکٹ ٹیمز پر زور دیا کہ اس منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے۔
چیئرمین واپڈا
دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے: چیئرمین واپڈا
Sep 23, 2022