پی ٹی سی ایل اور یوفون فور جی کا ہلال ِ احمر پاکستان کیساتھ اشتراک


اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)پی ٹی سی ایل اور یوفون 4Gنے ہلال ِ احمر پاکستان (پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی) کے ساتھ مل کر سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچوں اور بزرگوں سمیت ہزاروں افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے باہمی اشتراک قائم کرلیا ہے۔ اس اقدام سے مقامی لوگ سیلاب کی وجہ سے پیدا ہونے والی متعدد آبی بیماریوں سے محفوظ رہیں گے، جہاں سیلابی پانی نے کنو¶ں اور زیر زمین آبی ذخائر کو آلودہ کر دیا ہے۔ پی ٹی سی ایل اور ہلال ِ احمر پاکستان سندھ اور بلوچستان کے اضلاع لاڑکانہ، شہید بے نظیر آباد اور جعفرآباد کے مقامی خاندانوں کو روزانہ 72 ہزار لیٹر پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے۔ صاف پانی کی فراہمی سے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی پینے کے پانی کی روزانہ کی ضروریات پوری ہونگی۔
پی ٹی سی ایل و یوفون کے صدر اور گروپ سی ای او حاتم بامطرف نے اس اقدام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: ”سندھ اور بلوچستان کی سیلاب سے متاثرہ آبادیوں کو پینے کے صاف پانی کے حصول میں سخت مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ سیلاب کے پانی نے دستیاب آبی وسائل کو آلودہ کردیا ہے۔ پانی کسی بھی انسان کی زندہ رہنے کی سب سے بنیادی ضرورت ہے اور ہمارا مقصد ہلال ِ احمر پاکستان کی مدد سے لاکھوں لوگوں کی اس بنیادی ضرورت کو پورا کرنا ہے۔ ایک پاکستانی کمپنی ہونے کے ناطے ہم ضرورت کی اس گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ہلال ِاحمر پاکستان کے چیئرپرسن سردار شاہد احمد لغاری نے کہا کہ ہم سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے پی ٹی سی ایل گروپ کے ساتھ تعاون پر نہایت مسرور ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن