اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق سے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرڑان کِسٹافن نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے پاکستان میں قازقستان کے سفیر کا وزارت آمد پرپرتپاک استقبال کیا۔ یرڑان کستافین نے قازقستان کے ساتھ پاکستان کے قریبی دوستانہ تعلقات کو سراہا اور تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں باہمی خیر سگالی اور افہام و تفہیم کی بنیاد پر تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔قازقستان کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی خوشگوار تعلقات کو بھی سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے بہت سے امکانات کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ قازقستان کے صدر کے آئندہ دورہ پاکستان میں متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہونے جا رہے ہیں۔ قازق سفیرنے وزیر کو پاکستان کے ساتھ قازقستان کے فوجی تکنیکی تعاون کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا ایک امید افزا شعبہ ہے۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر مزید زور دیا اور ان چار اہم شعبوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ علاقائی رابطے، ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹس، کسٹمز اور بین الحکومتی مشترکہ تعاو ن کی ضرورت ہے وزیر نے حکومت پاکستان کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے فریم ورک معاہدوں پر حکومت سے حکومت کے درمیان بات چیت کرنے پر زور دیا۔ملاقات کا اختتام دونوں طرف سے شکریہ کے ساتھ ہوا۔
ایاز صادق