کراچی (نیوز رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے خلاف عوامی ریفرنڈم اہل کراچی کا ترجمان ہو گا ، ریفرنڈم میں عوام سے رائے لی جائے گی کہ ناجائز ٹیکسز اور اضافی وصولیاں بند نہ کی گئیں تو بجلی کے بل ادا کیے جائیں یا نہیں ، عوام نے جو بھی فیصلہ دیا
جماعت اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی ہو گی ۔بجلی کے بلوں میں کے ایم سی یوٹیلٹی ٹیکس اور ٹی وی لائسنس فیس سمیت دیگر ٹیکسوں اور جعلی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے نام پر اضافی وصولیوں کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت 23تا 25ستمبر عوامی ریفرنڈم کے دوران جمعہ کو شہر بھر میں مساجد کے باہر عوام سے رائے لی جائے گی ۔ بڑی شاہراﺅں ، اہم پبلک مقامات ، بازاروں اور تعلیمی اداروں میں بھی ریفرنڈم کیمپ لگائے جائیں گے ۔ علماءکرام ، اساتذہ و طلبہ ، وکلاء، تاجروں و صنعتکاروں اور مزدوروں سمیت تمام طبقات اور شعبہ زندگی سے وابستہ افراد سے رابطہ کیا جائے گا ، سوشل میڈیا پر بھی عوام سے رائے لی جائے گی اور ریفرنڈم کے اختتام پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی راجہ عارف سلطان ، سیکریٹری کراچی منعم ظفر خان ، ڈپٹی سیکریٹری کراچی عبد الرزاق خان ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ عوامی ریفرنڈم میں ہمارا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کے بلوں میں کے ایم سی یوٹیلٹی ٹیکس ختم کیا جائے ، جعلی فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عوام کی جیبوں پر جو ڈاکا ڈالا جا رہا ہے اسے بند کیا جائے ، کلاءبیک کی مد میں 50ارب روپے اہل کراچی کے‘ کے الیکٹرک کے ذمہ واجب الادا ہیںانہیں عوام کو واپس دلوایا جائے ، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ اور فرانزک آڈٹ کرایا جائے ، عوام کا مقدمہ ہم عدالتوں میں بھی لڑیں گے اور سڑکوں پر بھی ، عوام کے حقوق کے لیے آئینی و قانونی اور سیاسی و جمہوری جدو جہد اور احتجاج جاری رکھیں گے ۔ کے الیکٹرک مافیا اور اس کے سہولت کاروں کو بھی بے نقاب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور میں سٹی حکومت نے شہریوں پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا بلکہ چارجڈ پارکنگ کو ختم کیا ، تمام پارکوں میں داخلہ مفت کر دیا ، بجلی کے بلوں میں کے ایم سی کا ٹیکس عوام پر ظلم ہے ، کے الیکٹرک کو لگام دینے والا کوئی نہیں ، وفاقی و صوبائی حکومت اور حکمران پارٹیاں کے الیکٹرک کی مسلسل سرپرستی کر رہی ہیں ، کراچی کے عوام سے ووٹ تو لیتی ہیں لیکن کے الیکٹرک کے خلاف بولنے پر تیار نہیں ، عوام کو چاہیئے کہ جب بلدیاتی انتخابات اور عام انتخابات میں ان پارٹیوں کے نمائندے ووٹ لینے آئیں تو ان کو آئینہ ضرور دکھائیں ۔
حافظ نعیم الرحمن
جماعت اسلامی کا ”عوامی ریفرنڈم “ اہل کراچی کا ترجمان ہو گا
Sep 23, 2022