کراچی سے پشاور تک مسافر ٹرینیں  یکم اکتوبر سے بحال کرنے کا فیصلہ

Sep 23, 2022

کراچی(نیوز رپورٹر)پاکستان ریلوے نے کراچی سے پشاور تک مسافر ٹرینیں یکم اکتوبر سے بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔پاکستان ریلوے کے مطابق سندھ میں نوابشاہ، پڈعیدن سیکشن ٹریک کی بحالی پر24 گھنٹے کام جاری ہے۔اس کے علاوہ کراچی سے لاہور اپ سائیڈ ٹریک پرپانی کی سطح کم ہوئی ہے اور مال گاڑیاں جزوی طور پربحال کردی گئی ہیں۔ ٹریک کی جانچ کے لیے پانی سے 2 انجنوں کو استعمال کرتے ہوئے مال گاڑی کو گزارا گیا۔تاہم لاہور کی طرف کراچی ڈائون سائیڈ ٹریک بدستور پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کے چاروں صوبے باالخصوص سندھ میں سیلاب کے باعث ہر محکمہ نقصان کا سامنا کر رہا ہے، مگر پہلے سے خسارے میں چلنے والا پاکستان ریلوے کا سندھ آپریشن بند ہونے سے کروڑوں کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ریلوے انتظامیہ  کے مطابق ٹریک کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے، جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ پانچ ٹرینیں لاہور سے پنڈی جا رہی ہیں۔ پشاور سے براستہ لاہور خیبر میل ایکسپریس روہڑی تک جا رہی ہے، جبکہ لاہور سے ملتان موسی پاک ایکسپریس اپنا آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔
ٹرینیں بحال فیصلہ

مزیدخبریں