کراچی (نیوز رپورٹر)شہر قائد میں پولیس والے بھی ڈاکوؤں سے نہ بچ سکے، گلشن اقبال عزیزبھٹی کے علاقے میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے ڈی ایس پی سے ڈاکوؤں نے 8لاکھ روپے چھین لیے۔ مدعی مقدمہ ڈی ایس پی سعد جبار کا کہنا ہے کہ گلشن اقبال میں منی ایکسچینج سے ایک لاکھ85 ہزار روپے وصول کیے۔پیسے لے کر میں بینک پہنچا، جہاں 85ہزار روپے اپنے اکاؤنٹ میں جمع کرائے اور سات لاکھ روپے نکلوائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مجموعی طور پر آٹھ لاکھ روپے میرے پاس تھے جسے سفید لفافے میں رکھ لیا۔بینک سے نکل کر رقم والا لفافہ کار کی سیٹ کے نیچے ڈال دیا لیکن جب شانتی نگر میں گھر کے قریب پہنچا تو دو موٹرسائیکل پر سوار چار ملزمان نے مجھے روک لیا۔ ڈی ایس پی سعد جبار نے بتایا کہ اسلحہ بردار ملزمان نے اتر کر کار کا دروازہ کھولا اور پستول تان کر کہا کیش نکالو، میں نے خوفزدہ ہوکر سیٹ کے نیچے رکھا لفافہ اٹھا کر ملزم کے حوالے کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے مجھ سے دو قیمتی موبائل فون اور کار کی چابی بھی چھین لی، واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر لگتا ہے ملزمان نے بینک سے تعاقب کیا اور گھر کے قریب آکر واردات کی۔واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
ڈی ایس پی محروم