پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری نے کہا ہے کہ چوروں کو کلین چٹ دینا پاکستان کے لیے تباہ کن ہے۔جہلم میں میڈیا سے اہم ترین گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ تمام تر وسائل بروئے کار لا کر جہلم کو خوشحال بنائیں گے، تحریک انصاف کی حکومت نے جہلم کے لیے میگا پروجیکٹس شروع کیے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ نیب کی عدالتوں میں جو تماشہ چل رہا ہے اس پر پریشانی لاحق ہے. اس وقت 150 سے زیادہ ریفرنس یا تو واپس ہوگئے ہیں یا واپس کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسی این آر او ٹو کے خلاف عمران خان شروع سے آواز بلند کر رہے ہیں کیونکہ پاکستان سے چوری ہونے والا پیسہ کسی کا مسئلہ ہی نہیں ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اسحاق ڈار، نواز شریف، مریم نواز،شہباز شریف، آصف زرداری ریفرنسز سے رہا ہو رہے ہیں. اگر کسی کے خلاف کیس ہے اور مخالف وکیل بھی وہی مقرر کرے گا تو عدالتی نظام کیسے چلے گا؟انہوں نے کہا کہ پاکستان سے چوری ہونے والے پیسے کی فکر عمران خان سمیت تمام اداروں کو ہونی چاہیے. نیب میں ترامیم پر بدقسمتی سے اب تک معاشرے اور عدالتوں کا جو ردعمل آنا چاہیئے تھا اس طرح نہیں آیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اسحاق ڈار پاکستان سے مفرور تھا اس نے باہر چوری کے پیسے سے جائیدادیں بنائیں اور اب واپس آ کر ملک کا وزیر خزانہ بنے گا.ملک کے ساتھ اس طرح کا مذاق کتنے عرصے تک چلتا رہے گا؟ان کا کہنا تھا کہ ہمارے طاقتور ادارے اس ضمن میں اپنی ذمہ داری محسوس کریں، چوروں کو کلین چٹ دینا پاکستان کے لیے تباہ کن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پیسہ چوری کرنے والوں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے.چوروں کا احتساب نہ ہوا تو ملک میں مایوسی پھیلے گی اور عوام اس نظام سے مزید متنفر ہو جائے گی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اس معاملے پر اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے بھرپور آواز اٹھائی ہے، ہفتے کو رحیم یار خان میں عمران خان کا خطاب پاکستان کے تمام شہروں میں بڑی سکرینز پر دکھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کے سفر کو ایک نئی جہت دے رہے ہیں، نئی جہت کے سلسلے میں حقیقی آزادی کا کاروان اسلام آباد جا کر ہی رکھے گا۔