بارشیں : پی ڈی ایم اےکاالرٹ جاری

Sep 23, 2023 | 11:45

لاہور کے مختلف علاقوں میں رات سے جاری موسلا دھار بارش کا سلسلہ رک نہ سکا۔ تیز بارش کی وجہ سے شہر کی بیشتر سڑکیں ڈوب گئیں۔ بارش کے بعد لاہور شہر کا موسم دلفریب و سہانا ہوگیا۔ جوہر ٹاون، ٹاون شپ، ٹھوکر نیاز بیگ، سبزہ زار، اقبال ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش کے باعث بیشتر سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق لاہورشہر میں ہونے والی بارش کی وجہ سے لیسکو کے 130 فیڈر ٹرپ کر گئے، مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کا بجلی کی ترسیل کا نظام بھی متاثر ہوا، لیسکو ریجن میں مجموعی طور پر 130 فیڈرز ڈیڈ شارٹ ہوئے جس میں سے 20 فیڈرز سے بجلی بحال کی گئی۔واسا لاہور کی طرف سے اب تک کا بارش کا ریکارڈ جاری کیا گیا، اب تک جیل روڈ پر 62 ملی میٹر، ایئرپورٹ 66 ملی میٹر ہیڈ آفس گلبرگ 121 لکشمی چوک 138 اپر مال 68 مغلپورہ 73 تاجپورہ 108 نشتر ٹاون 107 چوک نا خدا65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔پانی والا تالاب 105 فرخ آباد 97 گلشن راوی 142 اقبال ٹاون 92 سمن آباد 56 جوہر ٹاون 88 ملی میٹر قرطبہ چوک 156 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔اب تک سب سے زیادہ بارش 156 ملی میٹر قرطبہ چوک میں ریکارڈ کی گئی ہے۔پنجاب کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارش کیوجہ سے پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز، صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا، کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے۔عمران قریشی نے کہا کہ ریسیکو 1122 سمیت دیگر ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں، شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں، بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔انہوں نے کہا کہ شہری غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور گاڑی آہستہ چلائیں، بارشوں کا سلسلہ 20 ستمبر تک جاری رہنے کے امکانات ہیں، شہری مدد کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔واضح رہے ملک کے بیشتر شہروں میں موسم ٹھنڈا رہے گا جبکہ بالائی خیبر پختونخواہ، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات آندھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزیدخبریں