توڑ پھوڑ کیس: مچلکے جمع کرانے پر پرویزالہٰی آزاد ہیں: عدالت

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پرویز الہی کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے موقع پر توڑ پھوڑ سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی کردی۔ پرویز الہی کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا گیا۔ سماعت شروع ہونے پر پرویز الہی کی جانب سے فیملی سے ملاقات کیلئے درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ضمانت منظور ہو چکی ہے کیا مچلکے جمع نہیں کرائے؟، مچلکے جمع کروا دیں اگر کہتے ہیں تو کیش میں کر دیتا ہوں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پرویز الہی دوسرے کیسز میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔ جس پر وکیل صفائی سردار عبدالرازق نے کہاکہ جی اینٹی کرپشن سے متعلق مقدمہ میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ہماری طرف سے تو مچلکے جمع کرانے پر آزاد ہیں۔ اس موقع پر چوہدری پرویز الہی روسٹرم پر آگئے اور کہا کہ میرا پیٹ خراب ہے، جس پر عدالت کے جج نے کہا کہ اللہ خیر کرے گا۔ پرویز الہی نے کہا کہ میرے سیل کے باہر بھی دیوار کھڑی کر دی گئی ہے، تازہ ہوا تک نہیں آتی، میرے سیل کے باہر ایک اجنبی کو بٹھایا ہوا ہے۔ عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ اجنبی کون ہے اس کا نام ہی اجنبی ہے کیا، چلیں پتہ کرتے ہیں اجنبی کون ہے۔ لاہور میں درج اینٹی کرپشن کیس میں پرویز الہی جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، کیا اس میں ضمانت کی درخواست دائر کی ہے، جس پر سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ جی اینٹی کرپشن کیس میں بھی ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے، عدالت سے استدعا ہے کوئی لمبی تاریخ دے دیں۔ عدالت کے جج نے کہاکہ ہمارا کیا ہے ہم 40 دن بعد کی تاریخ دے دیتے ہیں۔ عدالت نے سماعت 13 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی۔ پرویز الہی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ بجلی مہنگی ہونے کے اصل ذمہ دار نواز اور شہباز شریف ہیں، آج مہنگائی سے مڈل کلاس طبقہ ختم ہو چکا ہے، جیل کا کھانا دیا جا رہا ہے جس سے طبیعت اچھی نہیں رہتی، پہلے ڈاکٹر کی سہولت تھی اب اس میں بھی مسائل ہیں۔ دوران گفتگو الیکشن بروقت ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ الیکشن نہ ہو نے سے نظام رکا ہوا ہے۔ چوہدری پرویز الہی نے الیکشن سے قبل رہائی سے متعلق سوال پر کہاکہ یہ بات اللہ ہی بہتر جانتا ہے، جو حالات چل رہے ہیں تمام سیاستدانوں کو الیکشن سے قبل حفاظتی ضمانت کرا لینی چاہیے، چیئرمین پی ٹی آئی سے بیک ڈور مذاکرات پر کچھ نہیں کہہ سکتا، چوہدری شجاعت سے دوبارہ ملاقات ہوگی، بلاول بھٹو کی جانب سے شیخ رشید اور پرویز الہی کے اندر رہنے یا باہر کوئی فرق نہ پڑنے کے بیان سے متعلق سوال پر چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ بلاول کو اپنی سالگرہ منانے دیں۔ پرویز الہی نے نواز شریف کے آنے کی تاریخ بدلنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف خود بھی بدل گیا ہے۔ ادھر اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضا اعوان نے کرپشن کیس میں راسخ الٰہی قیصرہ الٰہی اور زہرا الٰہی کی عبوری ضمانتیں نو اکتوبر تک منظور کر لیں عدالت نے ملزموں کو پچاس پچاس ہزار روپے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی بھی ہدایت کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر اینٹی کرپشن سے تفتیشی رپورٹ طلب کر لی۔

ای پیپر دی نیشن