اسلام آباد کراچی (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ انتخابات کیلئے سازگار ماحول بنائیں گے۔ وہ گزشتہ روز گورنر و وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ ملاقات کے بعد گفتگو کر رہے تھے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ صاف، شفاف انتخابات کا انعقاد ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، میڈیا انتخابات کے دوران الیکشن کے مختلف مراحل کا حصہ ہوتا ہے، انتخابات میں عوام تک درست معلومات کی رسائی یقینی بنانے کے لئے مستند رپورٹنگ سب سے اہم ہے۔ وہ نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کرانے، انتخابی عمل کے دوران میڈیا کو سہولیات کی فراہمی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے، کسی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جائے گا، تمام سیاسی جماعتوں سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ڈالر بلیک مارکیٹنگ کی وجہ سے اوپر گیا۔ ڈالر کی قیمت جلد 250 تک آنے والی ہے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ مرتضیٰ سولنگی اپنی ذمے داریاں احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں ملکی معیشت میں مزید مثبت تبدیلیاں نظر آئیں گی۔ مثبت پیش رفت سے ہی پاکستان آگے بڑھے گا۔ یو اے ای، چائنہ، ترکیہ سے مثبت جوابات آئے ہیں۔ ان ممالک کا پاکستان کی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ہو گا۔ نگران حکومت ملک کو درست راہ پر گامزن کرکے جائے گی تو یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیوں کا کام جاری ہے۔ نگران حکومت آئین و قانون کے مطابق وجود میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی جماعت کو تحفظات ہیں تو الیکشن کمشن کے ساتھ معاملات کو اٹھائیں۔ ہمارے پاس الیکشن کمشن سے پوچھ گچھ کا اختیار نہیں۔ مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ صحافی جان مہر قتل کیس میں انصاف ہوگا۔ نواز شریف کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
انتخابات کیلئے سازگار ماحول بنائیں گے: مرتضی سولنگی، ڈالر کی قیمت جلد 250 روپے: کامران ٹیسوری
Sep 23, 2023