ترقی کیلئے سازشیوں کو انجام تک پہنچانا ہوگا: نوازشریف: قائد کی واپسی، تاریخ نہیں بدلی: شہباز

Sep 23, 2023

 لندن (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) نواز شریف نے کہا ہے کہ جب تک 2017 میں کی جانے والی سازش کے تمام کرداروں کو انجام تک نہیں پہنچایا جاتا پاکستان آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ لندن میں شہباز شریف، اسحاق ڈار، مریم نواز سمیت دیگر پارٹی رہنماو¿ں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ 2017ءکے ہنستے بستے پاکستان کو ایک سازش کے تحت بربادی کے دہانے پر لا کھڑا کیا اور کھلنڈروں کے ٹولے کو پاکستان پر مسلط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اس سازش میں شامل تمام کرداروں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جائے گا، پاکستان آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ ملاقت میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری جانب شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے مشورے کیلئے بلایا اس لئے آیا ہوں۔ گوجرانوالہ میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی نہ گوجرانوالہ گیا ہوں۔ نواز شریف کی واپسی پر پروپیگنڈا کرنے والوں کو جلد جواب دیا جائے گا۔ دوسری جانب مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے استقبال کیلئے بڑی تیاریاں جاری ہیں۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ میاں صاحب کا مورال بہت اچھا ہے، وہ اپنے ملک میں رہنا چاہتے ہیں۔ میاں صاحب سے ملاقات کرکے اچھا لگا۔ میاں صاحب وطن جانے پر بہت خوش ہیں۔ نواز شریف کی واپسی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ افواہوں پر زیادہ توجہ نہیں دیتی۔ افواہیں جلد دم توڑ جائیں گی۔ چالیس سالہ سیاسی جدوجہد میں گیارہ سال میاں صاحب کی جلا وطنی میں گزرے ہیں۔نواز شریف مینار پاکستان پر اپنا آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔ 4 سال جو تباہی ہوئی راتوں رات یہ تباہی ٹھیک نہیں ہو سکتی۔ قومی امید ہے کہ لاہور میں نواز شریف کا فقید المثال استقبال ہوگا۔دوسری جانب شہباز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ترقی کا سفر دوبارہ شروع کرنے کیلئے نواز شریف پاکستان واپس جا رہے ہیں۔ پاکستان کی ترقی کا سفر جہاں سے رکا اب وہاں سے ہی شروع ہو گا۔ جھرلو الیکشن کے ذریعے نواز شریف کا مینڈیٹ چھین لیا گیا تھا۔ پاکستان کے کروڑوں عوام کو ترقی کے سفر سے محروم کیا گیا۔ نواز شریف نے کبھی قوم سے غلط وعدے نہیں کئے۔ نواز شریف دور میں 3.5 فیصد مہنگائی کی شرح تھی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک میں تقسیم پیدا کی۔ نواز شریف اس زہر کو ختم کرنے کیلئے آ رہے ہیں۔ نواز شریف ملک میں سرمایہ کاری لائیں گے اور نوجوانوں کو روزگار دلانے کیلئے دن رات کام کریں گے۔ علاوہ ازیں وکلاءونگ کے اجلاس سے خطاب میں مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام نواز شریف کا استقبال کرنے کیلئے بے تاب ہیں۔ نواز شریف کے استقبال میں ہر طبقے کے لوگ موجود ہوں گے۔ مریم نواز نے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا وکلاءنواز شریف کے فرنٹ لائن سولجرز ہیں۔ وکلاءبرادری نے ہر موقع پر نواز شریف کا ساتھ دیا۔لندن (فرحان میر سے) شہباز شریف نے کہا ہے کہ اہم امور پر مشاورت کیلئے نواز شریف کے حکم پر لندن آیا ہوں۔ میاں محمد نواز شریف 21اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ گوجرانوالہ میں کسی اہم شخصیت سے ملاقات نہیں ہوئی اور نہ ہی میں گوجرانوالہ گیا ہوں۔ ذرائع کے مطابق میاں محمد نواز شریف کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں 21اکتوبر کے حوالے سے صوبہ پنجاب، گلگت بلتستان، کے پی کے اور سندھ کے کوآرڈینیٹر نامزد کر دئیے گئے جن سے مریم نواز شریف پاکستان پہنچ کر ملاقات کریں گی تا کہ نواز شریف کی آمد پر زیادہ سے زیادہ افراد کو استقبال کیلئے اکٹھا کیا جا سکے۔ شہباز شریف نے نواز شریف کو کئی اہم امور پر رضامند کیا۔

مزیدخبریں