لاہور اسلام آبادراولپنڈی (خبرنگار+ وقائع نگار+جنرل رپورٹر) نیب کیسز بحالی کے سلسلہ میں شہباز شریف اور حمزہ سمیت مزید 18 ریفرنسز کا ریکارڈ عدالتوں میں جمع کرا دیا گیا۔ سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس احتساب عدالت نمبر پانچ میں جمع کرادیا گیا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ریفرنس پر دوبارہ کارروائی پرسوں سے شروع ہونے کا امکان ہے، گزشتہ روز بھی احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں نیب کی جانب سے جمع کرائے گئے ریفرنسز کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری رہا اور مزید 18 ریفرنسز کا ریکارڈ جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد احتساب عدالتوں میں جمع کرا دیا گیا، جن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور سابق صدر آصف زرداری کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف کارکے رینٹل ریفرنس، آصف علی زرداری کے خلاف آٹھ ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن کا ریفرنس کا ریکارڈ شامل ہے جو متعلقہ احتساب عدالتوں میں جمع کروا دیا گیا، احتساب عدالت نمبر 1 میں مزید 4 ریفرنسز، احتساب عدالت نمبر 2 میں مزید 2 ریفرنسز جبکہ احتساب عدالت نمبر 3 میں مزید 12 ریفرنسز کا ریکارڈ جمع کروایا گیا، جن کے بعد اب تک مجموعی طور پر 44 ریفرنسز کا ریکارڈ عدالتوں میں جمع کرایا جا چکا ہے جبکہ مزید کی جانب پڑتال جاری ہے۔