’ایمریٹس ایئرلائن کے مسافروں کیلئے بڑی خوشخبری‘

ایمریٹس ایئرلائن کے مسافروں کیلئے خوشی کی خبر سامنے آگئی، دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹرمینل 3 سے سفر کرنے والے ایمریٹس کے مسافر بہت جلد ہی بائیو میٹرک اور چہرے کی شناخت کے نظام کے نفاذ کی بدولت پاسپورٹ کے بغیر سفر کرسکیں گے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس ٹچ لیس ٹریول سسٹم کا فی الحال تجربہ کیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ اگلے چند ماہ میں یہ مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔

ایمریٹس ایئرلائن کی جانب سے کئے جانے والے اس اقدام کا مقصد ایئر لائن کے مسافروں کے لئے ”سمارٹ پاسیج”بنانا ہے، جس سے وہ بغیر کسی رکاوٹ کے ہوائی اڈے کے عمل کوانجام دے سکیں۔

 
جی ڈی آر ایف اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عبید محیر بن سورور کا اپنے جاری کردہ بیان میں کہنا ہے کہ وہ نومبر میں اس نظام کو عملی جامہ پہنانے کے لئے بالکل تیار ہیں۔ جسکا بنیادی مقصد سفری تجربے کو آسان اور تیز کرنے کے لیے الیکٹرانک گیٹس کو سمارٹ گیٹس سے بدلنا ہے۔

چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی کا استعمال مسافروں کے لیے بے کار فارم بھرنے کی ضرورت کے بغیر کسی بھی دوسرے ملک میں جانے یا واپس آنے کے عمل کو آسان اور تیز بنادے گا۔

ایمریٹس ایئرلائن اینڈ گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو شیخ احمد بن سعید المکتوم نے بتایا کہ اس پر عمل درآمد ہونے کے بعد مسافروں کی بات چیت اور کاغذی کارروائی میں کمی ممکن ہوسکے گی۔

سفری عمل کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے یہ اقدام ایئر پورٹس کے درمیان بین الاقوامی تعاون اور ڈیٹا شیئرنگ کی اہمیت پر بھی زور دیتا ہے۔اس اقدام کا مقصد 90 فیصد آٹومیشن اور صرف 10 فیصد انسانی تعامل حاصل کرنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن