نئی دہلی (نیٹ نیوز) دہشت گردی پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کو کہا کہ جموں و کشمیر میں کسی دہشت گرد کو نہیں چھوڑا جائے گا اور جب تک دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہو گا پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ امیت شاہ نے دہشت گردی کے معاملے پر کانگریس اور فاروق عبداللہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دہشت گردی اب اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ امیت شاہ جموں و کشمیر کے علاقے نوشہرہ میں بی جے پی امیدوار رویندر رینا کی انتخابی مہم سے خطاب کر رہے تھے۔ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ اور کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا انتخابات کے بعد ایک وائٹ پیپر لانے جا رہے ہیں، جو کانگریس، فاروق عبداللہ اور مفتی خاندان کو پوری طرح بے نقاب کر دے گا۔ آخر وادی میں دہشت گردی کون لایا؟۔ اس وقت مرکز اور وادی میں کس کی حکومت تھی؟ دہشت گردوں کے ساتھ بریانی کس نے کھائی؟۔ ہم اس پوری خفیہ ڈائری کو منظر عام پر لانے جارہے ہیں۔
کشمیر میں دہشتگردی کے خاتمہ تک پاکستان سے بات نہیں ہوگی: بھارتی وزیر داخلہ
Sep 23, 2024