دبئی + بیروت (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی نے مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ میں الجزیرہ کے بیورو آفس پر حملہ کردیا اور عدالتی حکم کے نام پر 40 دن کے لیے چینل بند کروا دیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے اہلکار الجزیرہ کے بیورو آفس میں داخل ہوگئے، نشریات روک دی، توڑ پھوڑ کی، صحافیوں کو ہراساں کیا اور گاڑیوں کو آگ لگا دی۔دفتر میں لگیں شہید صحافیوں کی تصاویر بھی پھاڑ دیں۔ اسرائیلی فوجیوں نے دفتر میں موجود آلات اور دیگر سامان کو بھی ضبط کرلیا۔ ویب سائٹ کو بھی بلاک کردیا۔جس کے بعد مغربی کنارے میں الجزیرہ کی نشریات ٹی وی اور ویب سائٹس پر بند ہوگئیں۔اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ الجزیرہ کی نشریات کی 45 دن کے لیے بندش عدالت کے حکم پر کی گئی۔تاہم الجزیرہ کے صحافیوں نے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی جارحیت اور حملوں کی رپورٹنگ کرتے رہے۔لبنان کے دارالحکومت بیروت اور جنوبی لبنان میں گزشتہ روز اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 31 ہوگئی ہے۔حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اْس کے 16 ارکان اسرائیلی فوج کے حملوں میں جاں بحق ہوئے ہیں،حزب اللہ نے اپنے ٹاپ کمانڈر ابراہیم عقیل کی شہادت کی بھی تصدیق کردی ہے۔دریں اثنا اقوام متحدہ نے ایک بار پھر مشرقِ وسطیٰ میں جاری لڑائی کے فریقین سے اپیل کی ہے کہ تشدد کا سلسلہ ختم کردیا جائے، ایک بیان میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال انتہائی کشیدہ ہے، ایسے میں لازم ہے کہ زیادہ سے زیادہ ضبط و تحمل سے کام لیا جائے۔اسرائیل نے جمعہ کی صبح لبنان کے دارالحکومت بیروت کے نواح میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا تھا جس میں حزب اللہ کا ٹاپ کمانڈر ابراہیم عقیل بھی موجود تھا، اس حملے میں وہ شہید ہوگیا جبکہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 100 سے زیادہ لوڈیڈ راکٹ لانچرز کو تباہ کردیا تھا، اِن میں ایک ہزار سے زیادہ بیرل لگے ہوئے تھے۔ واضح رہے اس سے قبل اسرائیل کے سائبر حملوں میں پیجر اور واکی ٹاکی دھماکوں میں 37 افراد جاں بحق اور تین ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
اسرائیلی فوج کا مغربی کنارے میں الجزیرہ کے دفتر پر حملہ، چینل بند کرا دیا
Sep 23, 2024