مالم جبہ، سفارتکاروں کے قافلہ میں شامل پولیس وین پر حملہ، اہلکار شہید، 4 زخمی

اسلام آباد‘ پشاور‘ ژوب(نمائندہ خصوصی + اپنے سٹاف رپورٹر سے + نوائے وقت رپورٹ ) سوات میں پولیس وین کے قریب بم دھماکے میں ایک اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق سوات مالم جبہ روڈ پر بم حملے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ جہان آباد کے مقام پر ہوا جس کے نتیجے میں میں کانسٹیبل برہان شہید اور چار اہلکار سرزمین، حسین گل اور امان اللہ زخمی ہو گئے اور پولیس موبائل کو بھی کافی نقصان پہنچا۔ اس قافلے میں بوسنیا، روس، ویتنام، ایتھوپیا، روانڈا، زمبابوے، انڈونیشیا، ازبکستان، ترکمانستان، قازقستان اور پرتگال کے سفارت کار شامل تھے۔ تمام سفارت کار مکمل طور پر محفوظ رہے۔ پولیس وین پر بم دھماکے میں زخمی اور شہید پولیس اہلکار کی میت سیدو شریف ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے جبکہ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن  شروع کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے سوات میں مالم جبہ کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے پر بیان میں کہا ہے کہ دورہ سوات کے بعد اسلام آباد واپس آنے والے سفارتکاروں کے ساتھ ایک واقعہ پیش آیا۔ وفد کے پروٹوکول میں شامل پولیس کی گاڑی کو آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔ بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہوئے۔ وفد میں شامل سفارتکاروں کا گروپ بخیریت اسلام آباد واپس پہنچ گیا۔ ہماری ہمدردیاں شہید اور زخمی پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقے ژوب میں پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں مرنے والے انسداد دہشتگردی فورس کے شہید ہونے والے اہلکار 3 ہو گئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کے حملے میں زخمی 2  اے ٹی ایف اہلکار دم توڑ گئے جس کے بعد حملے میں شہید اہلکاروں کی تعداد3  ہو گئی۔ شہید اہلکاروں میں سے دو کی شناخت امیر محمد منگل زئی شیرانی، شفیق اللہ کے ناموں سے ہوئی۔ بلوچستان کے ضلع خاران میں سیشن کورٹ کے قریب دستی بم حملے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق خاران میں سیشن کورٹ کے قریب دستی بم حملہ ہوا ہے، دھماکے سے 2 موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا، دھماکے سے6  افراد زخمی ہوگئے، جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اینٹی ٹیررزم فورس اہلکاروں پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے حملے میں شہید اہلکاروں کی بلندی درجات کی دعا اور لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے سوات میں پولیس وین کے قریب دھماکہ کی مذمت کی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ژوب میں قومی شاہراہ پر اے ٹی ایف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فائرنگ سے شہید ہونے والے 3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے سوات میں مالم جبہ روڈ پر پولیس کے قریب دھماکہ کی مذمت کی۔ وزیراعلیٰ نے اعلیٰ پولیس حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔

ای پیپر دی نیشن